چینی صدر شی جن پنگ کا پارلیمنٹ سے خطاب ‘15 جولائی 1950ء سے اب تک خطاب کرنے والے دنیا کے 17 ویں اور چین کے چوتھے لیڈر بن گئے

رجب طیب اردگان بطور ترک صدر و وزیر اعظم 2 مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والوں میں سرفہرست‘سری لنکا کی وزیراعظم مسز بندرا نائیکے اور ملکہ برطانیہ کوکسی بھی خاتون غیر ملکی سربراہ کے طو رپر خطاب کرنے کا منفرد اعزاز حاصل

منگل 21 اپریل 2015 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) چینی صدر شی جن پنگ کا پارلیمنٹ سے خطاب ‘15 جولائی 1950ء سے اب تک خطاب کرنے والے دنیا کے 17 ویں اور چین کے چوتھے لیڈر بن گئے ‘رجب طیب اردگان بطور ترک صدر و وزیر اعظم 2 مرتبہ پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والوں میں سرفہرست‘سری لنکا کی وزیراعظم مسز بندرا نائیکے اور ملکہ برطانیہ کوکسی بھی خاتون غیر ملکی سربراہ کے طو رپر خطاب کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

پارلیمنٹ سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق سب سے پہلے پاکستانی پارلیمنٹ سے خطاب شہنشاہ ایران نے 15مارچ 1950 کو کیا تھا جبکہ پھر انہوں نے 3جولائی 1962 کو قومی اسمبلی کا دورہ کیا اور اجلاس کی کارروائی دیکھی، ان کے بعد 15جولائی1962 کو ہی فلپائن کے صدر دیوداماقاپگل نے قومی اسمبلی سے خطاب کیا، تیسرا خطاب انڈونیشیا کے صدر ڈاکٹر احمد سوئیکارنو نے 26جون 1963ء کو قومی اسمبلی میں کیا تھا، پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے غیر ملکی شخصیات میں ایک خاتون وزیراعظم سری لنکا کی مسز بندرا نائیکے بھی ہیں جنہوں نے 5ستمبر 1974ء کو خطاب کیا جبکہ ترکی کے صدر کینان ایورن نے سابق صدر ضیاء الحق کے دور میں 15نومبر 1985ء کو پارلیمنٹ سے خطاب کیا، چھٹا خطاب کرنے والے فلسطین کے مرحوم صدر یاسر عرفات تھے جنہوں نے قومی اسمبلی سے 24جون1979ء میں خطاب کیا، جب بے نظیر بھٹو وزیر اعظم تھیں ، فرانس کے صدر فرانسس میٹرنڈ نے 20فروری 1990ء کو قومی اسمبلی، ایرانی مجلس شوریٰ کے سپیکر حجۃ الاسلام مہدی کروبی نے قومی اسمبلی سے 24فروری 1991ء ، ایران کے صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی نے 7ستمبر 1992ء کو پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر ایرانی مجلس شوری علی اکبر نتغاہ نوری نے قومی اسمبلی سے 11 اپریل 1994ء ، چینی صدر جیانگ زیمن نے 2دسمبر 1996ء کو سینیٹ کے خصوصی اجلاس، برطانیہ ملکہ الزبتھ دوم نے پاکستانی پارلیمنٹ سے 8 اکتوبر 1997ء کو خطاب کیا،13واں خطاب 12سال بعد 26اکتوبر2009ء کو ہوا جو ترکی کے وزیراعظم طیب اردوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پھر چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ نے قومی اسمبلی سے 19 نومبر 2010ء کو خطاب کیا جب وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی تھے 15واں خطاب کرنے والی غیر ملکی شخصیت ایک بار پھر ترکش وزیر اعظم رجیب طیب اردوان ہی تھے جنہوں نے21 مئی 2012 کو مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا جبکہ موجودہ چینی وزیر اعظم لی کیانگ نے سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے 23 مئی 2013ء کو خطاب کیا تھا جب نگران حکومت تھی اور اب 17ویں غیر ملکی شخصیت چینی صدر شی چن پنگ ہوں گے جو کہ 21 اپریل 2015 کو مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔