یمن کے معاملے پر پارلیمنٹ کی قرارداد پاکستان کے عوام کی جذبات کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہی ہے،ملک الطاف حسین

منگل 21 اپریل 2015 17:38

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) پاکستان پرچم پارٹی کے چیئر مین ملک الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد کہ جس میں سعودی یمن تنازعہ میں غیر جانبدار رہنے اور ثالث بننے کی بات کی گئی ہے یہ قرارداد پاکستان کے عوام کی جذبات کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ پاکستان کی عوام سعودی سرزمین اور سعودی مملکت سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور بالخصوص خادم الحرمین شریفین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں سعودی عرب کو محفوظ اور عالم اسلام کو مضبوط سمجھتے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ پاکستا ن کی پارلیمنٹ اور جو رہنما سعودی یمن تنازعہ میں غیر جانبدار رہنے یا ثالث بننے کی بات کررہے ہیں انہیں یہ خیال اس وقت کیوں نہیں آیا کہ جب 2001میں امریکی اورنیٹو افواج ہمارے برادر اسلامی اور پڑوسی ملک افغانستان پر حملہ آور ہورہی تھیں جبکہ گزشتہ 13برس سے پاکستان کے اندر امریکی اڈے اورنیٹو سپلائی کیا ہماری غیر جانبداری اور خود مختیاری کے زمرے میں آتے ہیں ؟ملک الطاف نے آخر میں کہاکہ میاں نواز شریف سعودی حکمرانوں کے سامنے پارلیمنٹ کی قرارداد کی وضاحتیں کرنے میں اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے سعودی عرب کو فوری فوجی امداد روانہ کریں سعودی احسانات دیرینہ تعلقات اور حرمین شریفین سے محبت اور عقیدے کا یہ تقاضہ ہے کہ حکومت پاکستان سعودی عرب کی فوری فوجی امداد کرے اور ہماری بہادر افواج مملکت سعودیہ کے حرمین شریفین جیسے مقدس مقامات کی حفاظت کرکے ان تمام قوتوں اور قبائل کو منہ توڑجواب دیں جو سعودی کی سرزمین پر انتشار اور فساد برپا کرنا چاہتی ہیں۔