گھوسٹ ملازمین کی جانب سے ہر ماہ کروڑوں روپے اضافی تنخواہیں لینے کا انکشاف ،وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم جیکب آباد پہنچ گئی

منگل 21 اپریل 2015 17:36

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)جیکب آباد کے مختلف محکموں میں گھوسٹ ملازمین کی جانب سے ہر ماہ کروڑوں روپے اضافی تنخواہیں لینے کے انکشاف کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی انسپکشن ٹیم نے جیکب آباد پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کے نذیر احمد کی سربراہی میں ایک ٹیم خزانہ آفس پہنچی انسپکشن ٹیم کے سربراہ خزانہ آفس کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر ،محکمہ تعلیم کے آڈیٹرز کو احکامات جاری کیے کہ محکمہ تعلیم کے 67اساتذہ جو ہرماہ اضافی تنخواہیں لے رہے ہیں جس کی مکمل رپورٹ دی جائے جس پر ڈی او اسکولز کی جانب سے نشاندہی کیے گئے اساتذہ کی فہرست دی گئی اس موقع پر وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کے سربراہ نذیر احمد نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ضلع جیکب آباد کے محکمہ صحت ،تعلیم ،بلدیہ اور خزانہ آفس سمیت دیگر اداروں میں سینکڑوں ملازمین ہر ماہ کروڑوں روپے اضافی تنخواہ لے رہے ہیں ڈی او اسکولز نے 67اساتذہ میں سے 50اساتذہ کے ناموں کی فہرست دی ہے بقایا 17اساتذہ کے نام نہیں ملے افسران کو 24گھنٹے کی مہلت دی ہے دوسری صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف اینٹی کرپشن میں کیس داخل کیا جائے گاہرماہ ضلع کے تمام محکموں میں ملازمین کروڑوں روپے کی اضافی تنخواہیں لینے کی تحقیقات پوری کرنے تک ہم جیکب آباد میں قیام کریں گے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اضافی تنخواہیں لینے والوں میں استاد تنظیم کے رہنما ء بھی شامل ہیں جو خود کو بچانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔