پروفیشنل ٹیکس سمیت دیگر محکمانہ ٹیکسوں کی ریکوری کیلئے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے‘ وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن

منگل 21 اپریل 2015 16:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) وزیر ایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ ،قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے حکام سے کہا ہے کہ وہ پروفیشنل ٹیکس سمیت دیگر محکمانہ ٹیکسوں کی ریکوری کیلئے جاری مہم کو مزید تیز کردیں اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کو یقینی بنایا جائے،ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز ٹیکسز سے ہی مہیا ہوتے ہیں،موجودہ حکومت نے صرف ٹیکس ادائیگی کے قابل افراد اوراداروں پر ٹیکسز لگائے ہیں تاکہ عام آدمی پر ٹیکسز میں اضافہ یا نئے ٹیکس لگانے سے بوجھ نہ پڑے اور صرف متمول طبقات سے ہی ٹیکس وصول کیا جائے۔

محکمہ کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ہدایت کی کہ ٹیکسز کی ادائیگی کیلئے شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹوکن، پراپرٹی ، پروفیشنل و دیگر ٹیکسز کی آن لائن ادائیگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو جلد مکمل کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیشنلزٹیکسز کی شرح میں کئی سالوں سے اضافہ نہیں کیا گیا اور کئی پروفیشنلز ٹیکس ادائیگی کے قابل ہو چکے ہیں - موجودہ حکومت نے صرف اشرافیہ اور صاحب استعداد افراد پر ہی ٹیکس لگایا ہے جس طرح بڑے گھروں پر ٹیکس اور بھاری مالیت کی بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے پراپرٹی ،ٹوکن اور پروفیشنل ٹیکسز سمیت دیگر محکمانہ ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ شہری واجب الادا ٹیکسز موبائل کمپنیوں کے دفاتر اور آن لائن بھی ادا کر سکیں گے-انہوں نے محکمہ کے تمام امور کمپیوٹرائزڈ کرنے ، آن لائن ٹیکسز کی ادائیگی جیسے منصوبوں کو جلد فنکشنل کرنے کی بھی ہدایت کی۔