چینی صدر تاریخی دورے کے بعد 60رکنی وفد کے ہمراہ واپس چلے گئے

منگل 21 اپریل 2015 16:21

اسلام آباد /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان کے تاریخی دورے کے بعد اپنے 60رکنی وفد کے ہمراہ واپس چلے گئے ‘وزیر اعظم محمد نواز شریف ‘ مسلح افواج کے سربراہان ‘ وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ حکام نے شایان شان طریقے سے مہمان کو الوداع کیا ‘ مہمان خصوصی نے وزیر اعظم ‘ مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء کو مصافحہ کر کے شاندار مہمان نواز ی پر شکریہ ادا کیا ‘ جیسے ہی چینی صدر کے طیارے نے فضا میں اڑان بھری تو پاک فضائیہ کے آٹھ جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے چینی صدر کے طیارے کو اپنے جھرمٹ میں لیکرفقید المثال طریقے سے الوداع کیا ۔

تفصیلات کے مطابق دو روزہ دورے کے اختتام پر چینی صدرشی جن پنگ کی پاکستان سے واپسی کیلئے ایوان صدر سے روانہ ہوئے تو صد ممنون حسین نے ان کو ایوان صدر کے مرکزی دروازے دے رخصت کیاچکلالہ میں نورخان ایئربیس پر صدر شی چن پنگ کو الوداع کہنے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف ‘خاتون اول بیگم کلثو م نواز شریف ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ‘وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ‘وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ‘آرمی چیف راحیل شریف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف سہیل امان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام پہلے سے موجود تھے جنہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو شایان شان طریقے سے الوداع کیا روانگی سے قبل چینی صدر نے وزیر اعظم نواز شریف ‘ مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء کو مصافحہ کرتے ہوئے شاندار مہمان نواز ی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کیا قبل ازیں چینی صدر نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے غیر رسمی ملاقات بھی کی چینی صدر کے طیارے کو فضاء میں اڑان بھرتے ہی جے ایف تھنڈر طیاروں نے اپنے جھرمٹ میں لیکر شاندار طریقے سے الوداع کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چین کے صدر کا طیارہ جونہی پاکستان سے روانگی کیلئے محوپروازہواتو پاک فضائیہ کے 8 جے ایف 17تھنڈر طیارے ان کے جہازکواپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا پاکستان ائیرفورس کے طیارے معزز مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں جانب چارچار کی فارمیشن میں پروازکیں چینی صدر نے اپنے دورے کے دور ان صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نواز شریف ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دور ان اربوں ڈالر کے 51معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے ‘ منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے علاوہ چیئر مین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کیں چینی صدر کی جانب پاکستانی پارلیمنٹ کیلئے سولر توانائی کا تحفہ دیا گیا بعد ازاں چینی صدر کو ایوان صدر میں پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا گیا ۔