چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی، کراچی میں رینجرز کی جانب سے شناختی کارڈ کی شرط پولیس کی دکانداریاں کھول دے گی

متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے کہا ہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، توانائی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی، کراچی میں رینجرز کی جانب سے شناختی کارڈ کی شرط پولیس کی دکانداریاں کھول دے گی۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چینی صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں، بالخصوص پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے عوام کی حالت میں بہتری آئے گی تاہم اس کا روٹ بھی عوامی اور صوبوں کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، چائنہ کی مدد سے لگائے جانے والے توانائی بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز نے شناختی کارڈ پاس رکھنے کی جو شرط رکھی ہے اگر وہ صرف این اے 246تک ہوتی تو قابل قبول تھی، مگر اس سے عوامی مصائب میں اضافہ اور پولیس کی دکانداری کھل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کریمنل کے خلاف کوئی پالیسی بنتی ہے تو اس کی ہم حمایت کرتے ہیں مگر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی پالیسی کی ہم حمایت نہیں کریں گے۔