چینی صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تاریخی خطاب تھا،والہانہ استقبال کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، خطاب میں خطے اور عوام کیلئے پیغام تھا، وزیر اعظم نے چین کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی قرار دے کر عوام کی ترجمانی کی

پاک چائنہ تھنک ٹینک کے چیئرمین مشاہد حسین سید کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) پاک چائنہ تھنک ٹینک کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ چینی صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تاریخی خطاب تھا، جس طرح والہانہ استقبال معزز مہمان کا ہوا، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، ان کے خطاب میں خطے اور عوام کیلئے ایک پیغام تھا، وزیر اعظم نواز شریف نے چین کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی قرار دے کر عوام کی ترجمانی کی ہے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چینی صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مشاہد حسین سید نے کہا کہ چینی صدر کا تاریخی خطاب تھا، اس خطاب میں پاکستان اور چین کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کو پاکستان کے عوام اور چاروں صوبوں کیلئے مفید قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسٹریٹیجک تعلقات کی بات کی اور پاکستان و چین کے مستقبل اور تقدیر کو مشترکہ قرار دیا، افغانستان میں مفاہمت کے ذریعے امن لانے کی بات کی، چینی مغربی بارڈر پر پاکستانی مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران جس طرح والہانہ استقبال چینی صدر کا ہوا اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، یہ عوام اور علاقے کیلئے ایک پیغام تھا۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی پریس گیلری نے معزز مہمان کا کھڑے ہو کر استقبال کیا یہ مثال بھی اس سے قبل قائم نہیں ہوئی۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اپنی تقریر میں جس طرح چین کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی قرار دیا یہ عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمانی تھی اور چینی عوام کیلئے بھی ایک واضح پیغام تھا۔

متعلقہ عنوان :