چوہدری نثار کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا سوال پریس گیلری میں زیر بحث

منگل 21 اپریل 2015 13:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا سوال پارلیمانی پریس گیلری میں زیر بحث رہا اور اخبار نویسوں نے ان کی شرکت کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر آپس میں شرطیں بھی لگائیں اور وزارت داخلہ کی بیٹ کور کرنے والے اخبار نویسوں نے چوہدری نثار کی آمد کے ساتھ ہی شرط جیت لی۔

چوہدری نثار وزیراعظم نواز شریف اور چینی صدر کی ایوان میں آمد کے بعد سب سے آخر میں آکر اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی گزشتہ روز ایئرپورٹ پر عدم موجودگی میڈیا میں زیر بحث رہی اور منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے شروع ہونے سے قبل پارلیمانی پریس گیلری میں اخبار نویسوں کے درمیان اس معاملے پر بحث و تکرار ہوتی رہی کہ چوہدری نثار آج بھی ایوان میں آتے ہیں یا نہیں اور ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی یا نہیں اس پر وزارت داخلہ کی بیٹ کور کرنے والے اخبار نویسوں نے پراعتماد لہجے میں کہا کہ اگر کسی نے شرط لگانی ہے تو لگا لے آج چوہدری نثار ضرور ایوان میں آئینگے جب چینی صدر اور وزیراعظم نواز شریف ایوان میں آگئے اور تلاوت کلام پاک شروع ہوگئی تو وزارت داخلہ کی بیٹ کرنے والے اخبار نویس پریشان نظر آئے کیونکہ اس وقت تک چوہدری نثار ایوان میں نہیں آئے تھے۔

(جاری ہے)

اسی دوران جب چوہدری نثار ایوان میں آئے اور وزیراعظم سے ایک نشست سے فاصلے پر اپنی نشست پر بیٹھ گئے ان کے ساتھ دائیں طرف سینٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور بائیں طرف وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نشست تھی۔ چوہدری نثار نے پوری توجہ سے تقاریر سنیں اور بعد ازاں اجلاس ختم ہونے پر اپنے چیمبر میں چلے گئے۔