پاک چین دوستی لازوال ہے، دونوں ممالک کے تعلقات ہر دور حکومت میں مضبوط ہوئے ہیں‘ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا، مشترکہ اجلاس کی دعوت سپیکر صاحب نے دی، خصوصی طور پر کراچی سے آیا ہوں،کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، رینجرز اور پولیس مل کر امن کے لئے اپنا موثر کردار ادا کررہے ہیں

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی خصوصی گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 13:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات ہر دور حکومت میں مضبوط ہوئے ہیں‘ گزشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا اس لئے نہیں آیا آج مشترکہ اجلاس کی دعوت سپیکر صاحب نے دی تھی اور خصوصی طور پر کراچی سے آیا ہوں۔

کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ رینجرز اور پولیس مل کر امن کے لئے اپنا موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چینی صدر کا خطاب مدلل اور جامع تھا اور انہوں نے تمام ایشوز کا تذکرہ کیا ہے اور جس طرح سے پاکستان سے دوستی نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اس پر پوری پاکستانی قوم ان کی مشکور ہے۔

(جاری ہے)

یہ دورہ انتہائی خوش آئند ہے۔ چین اور پاکستان کے تعلقات حکومتوں کے محتاج نہیں ہیں بلکہ عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کا جو احترام اور محبت ہے وہ مثالی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چین اور پاکستان کے درمیان 45 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا اس لئے نہیں آسکا آج سپیکر کی دعوت پر آیا ہوں اور کافی دوستوں سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے بھی بات چیت ہوتی رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے کی نسبت اب کراچی میں امن قائم ہوا ہے رینجرز اور پولیس مل کر امن کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ کراچی کے حالات بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا ہونی چاہئے۔