چینی صدر کا خطاب ‘ سکیورٹی انتظامات ٹرپل ون بریگیڈ نے سر انجام دیئے ‘ ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی کی جاتی رہی

منگل 21 اپریل 2015 12:27

چینی صدر کا خطاب ‘ سکیورٹی انتظامات ٹرپل ون بریگیڈ نے سر انجام دیئے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) چینی صدر شی جن پنگ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلا س سے خطاب کے موقع پر سکیورٹی انتظامات ٹرپل ون بریگیڈ نے سر انجام دیئے منگل کو چینی صدر شی جن پنگ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دور ان وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں سکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ رہی پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف سے جانے والے تمام راستوں کو سٹون بلاکس کے ذریعے بلند کر دیا گیا جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس جانے والوں کیلئے صرف آغا خان روڈ اور مارگلہ روڈ کھلے رکھے گئے تھے یہاں تعینات سکیورٹی عملے نے صرف ان افراد کو آگے جانے کی اجازت دی جن کے پاس قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کئے گئے خصوصی دعوت نامے موجودتھے خطاب کے دور ان پارلیمنٹ ہاؤس اور اس کے ارد گرد ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کی گئی جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کے موقع پر بھی انتہائی سخت انتظامات تھے اور قومی اسمبلی کی سکیورٹی کی بجائے خصوصی طورپر تعینات سکیورٹی عملے نے تمام مہمانوں کی کڑی جانچ پڑتال کی میڈیا سمیت کسی بھی شخص کو موبائل ‘ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر پانچ پر خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا تھا جہاں مہمانوں کے موبائل فون جمع کئے جاتے رہے چینی صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کی ایوان صدر روانگی تک پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹس بند رکھے گئے اور کسی بھی شخص کو باہر جانے کی اجازت نہ دی گئی