پاکستان اور چین کی دوستی اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدل رہی ہے‘ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات مستحکم ہورہے ہیں‘ اپنے دورہ پاکستان کے مثبت نتائج سے مطمئن ہوں‘ چینی صدر

منگل 21 اپریل 2015 11:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدل رہی ہے‘ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات مستحکم ہورہے ہیں‘ اپنے دورہ پاکستان کے مثبت نتائج سے مطمئن ہوں‘ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں اہم ہے‘ اقتصادی شعبے میں چین کا تعاون قابل تعریف ہے‘ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ملک ملک کر دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں‘ مسئلہ کشمیر پر چین کی حمایت پر شکر گزار ہیں‘ اقتصادی راہ داری دونوں ملکوں کے لئے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی‘ پاکستان کا ہر علاقہ اقتصادی راہداری سے مستفید ہوگا۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر چینی صدر شی چن پنگ نے چیئرمین سینٹ رضا ربانی اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مہمان صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدل رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے ‘ پاکستان اور چین کی دوستی نسلوں پر مشتمل ہے اور یہ آئندہ نسلوں کے لئے بھی اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوستی کو مزید مستحکم بنا کر اگلی نسلوں کو منتقل کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘ پارلیمنٹ دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ارکان پارلیمنٹ نے چین کا دورہ کیا تھا‘ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات مستحکم ہورہے ہیں‘ اپنے دورہ پاکستان کے مثبت نتائج سے مطمئن ہوں۔

اس موقع پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی تمام سیاسی جماعتوں کے لئے یکساں اہم ہے‘ اقتصادی شعبے میں چین کا تعاون قابل تعریف ہے۔ پاکستان کے عوام کی طرف سے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملک ملک کر دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں‘ مسئلہ کشمیر پر چین کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہ داری دونوں ملکوں کے لئے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی‘ پاکستان کا ہر علاقہ اقتصادی راہداری سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چینی بھائیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں گزشتہ چند دہائیوں میں چین کی ترقی قابل ستائش ہے۔

متعلقہ عنوان :