چینی صدر کی پاکستان آمد خطے کے کروڑوں عوام کی تقدیر بدلنے کا باعث ہوگی، چین کی دوستی پر پاکستانی قوم کو فخر ہے،دورہ کے دوران ہونے والے معاہدے خطے کی معیشت اور باہمی روابط کے فروغ کاباعث بنیں گے

انصارالامہ پاکستان کے امیرمولانا فضل الرحمن خلیل کاچینی صدر کے دورہ پاکستان پر خیر مقدمی بیان

پیر 20 اپریل 2015 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) انصارالامہ پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے چین کے صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند اورخطے کی معاشی، سماجی و دفاعی ترقی میں معاون قرار دیتے ہوئے پاکستان آمد پر ان کا خیر مقدم کیاہے اور کہاہے کہ چین کی دوستی پر پاکستانی قوم کو فخر ہے ،دورہ کے دوران پاکستان اورچین کے درمیان ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے مابین روابط کو مزید فروغ کاباعث بنیں گے ۔

پیر کو اپنے بیان میں انصار الامہ کے امیر نے کہاکہ چینی صدر کا دورہ پاکستان پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے اور توانائی بحران پر قابو پانے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا،اس موقع پر اربوں ڈالر کے معاہدے ہونگے جس سے پاکستان میں توانائی کا بحران حل ہوگا، صنعتوں کو وسعت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

چین کی تکنیکی اور مالی معاونت دونوں ممالک کے پرخلوص اور مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے، چین پاکستان کا بڑا تجارتی حصے دار ہے اور توقع ہے کہ آئندہ اس میں مزید بہتری آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی صرف سرحدیں ہی نہیں بلکہ دل بھی ملتے ہیں، عالمی سیاسی و معاشی امور پر دونوں ممالک کا نکتہ نظر بھی یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کو چین کے تعاون کی زیادہ ضرورت ہے ۔ انصارالامہ پاکستان کے امیر نے مزید کہاکہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جبکہ چین اس شعبے میں وسیع مہارت رکھتا ہے، اگر اس شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کی جائے تو اس سے خطے کی کروڑوں عوام کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے چین کے صدر کے دورہ کو ملکی معیشت کے لیے بہتری کاباعث قراردیتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کے مابین روابط کا فروغ اگرچہ خطے میں بہتری کا باعث ہے لیکن اس دوستی سے بھارت ، امریکہ ،اسرائیل جیسے ازلی دشمن ممالک کو بہت تکلیف ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان دشمن عناصربلوچستان میں مداخلت کررہے ہیں ، اس سلسلے میں آرمی چیف کابیان قوم کے دل کی آواز ہے کیونکہ پاکستان میں ترقی کے لیے بیرونی مداخلت کو ختم کرنا ہوگا اور دوست ممالک کے ساتھ باہمی تعاون سے پاکستان کو آگے لے کرجانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :