طارق محبوب کی موت کی آزادانہ عدالتی تحقیقات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے،پاکستان کے حقیقی وفاداروں کو لاشوں کے تحفے دینے کا سلسلہ بند ہو نا چاہیے ،انصاف نہ ملا تو پر امن احتجاج کا اندا ز بدل سکتے ہیں

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے گفتگو

پیر 20 اپریل 2015 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طارق محبوب کی موت کی آزادانہ عدالتی تحقیقات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،پر امن اہلسنّت پر ریاستی ظلم بند کیا جائے،ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے،پاکستان کے حقیقی وفاداروں کو لاشوں کے تحفے دینے کا سلسلہ بند ہو نا چاہیے ،ہم کب تک اپنے کارکنوں کو صبر اور امن کی تلقین کرتے رہیں گے، طارق محبوب کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،اہلسنّت کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم ریاستی اداروں سے انصاف طلب کرتے ہیں،ہمیں انصاف نہ ملا تو اہل حق پر امن احتجاج کا اندا ز بدل بھی سکتے ہیں،ملک کے اکثریتی محب وطن مکتبہ فکر کو مسلسل مشتعل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

ہم اہلسنّت کو امن کے راستے سے ہٹانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے،گرفتاریاں اور شہادتیں ہمارے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں ،سرکاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ طارق محبوب کی موت پر تعزیت کیلئے فون کرنے والے مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ طارق محبوب پر بے بنیاد الزامات لگا کر سنی اتحاد کونسل کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ۔

ملک کے غداروں کو آزادی اور وطن کے وفاداروں کو قتل کرنے کی پالیسی انتہائی خطرناک ہے۔ہم ریاستی اداروں کی جفاء کے باوجود پاک وطن سے وفا کا رشتہ کمزور نہیں ہو نے دیں گے۔طارق محبوب کی موت نے اہل سنت کو غم زدہ اور اشکبار کر دیا ہے۔اس المنا ک موت سے اہل سنت میں عدم تحفظ کا احساس مزید گہرا ہو گیا ہے۔یار سول اﷲ کہنے والے ایمانی قوت کے ساتھ ہر حکومتی ظلم و جبر کا مقابلہ کریں گے۔

ملک کے اکثریتی مکتبہ فکر کو دیوار کے ساتھ لگانے سے پاکستان کمزور ہو گا۔سنی اتحاد کونسل کا دہشتگردی اور سنگین جرائم کے حوالہ سے بڑا واضح اور جاندار مؤقف ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ صبر کا دامن نہ چھوڑیں اور جر أت و استقامت سے اپنا دینی و ایمانی مشن جاری رکھیں۔آخری فتح مظلوموں اور اہل حق کی ہو گی ۔ ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کے ساتھ ہے۔

متعلقہ عنوان :