راولپنڈی چیمبر کا2 مئی کو راول شاپنگ فیسٹیول منانے کا فیصلہ

تمام ترتیاریا ں زورو شور سے جاری ہیں ، رنگا رنگ تقاریب منعقد ہونگی ، 30 اپریل کو پورے شہر میں کلین ڈے منایا جائیگا

پیر 20 اپریل 2015 22:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے دبئی شاپنگ فیسٹول کی طرز پر2 مئی کو راول شاپنگ فیسٹول شایان شان طریقے سے منانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں تمام ترتیاریا ں زورو شور سے جاری ہیں ، فیسٹول کے دورن رنگا رنگ تقاریب منعقد ہونگی اور صفائی کے خصوصی انتظامات بھی ہونگے جبکہ 30 اپریل کو پورے شہر میں کلین ڈے منایا جائیگا۔

گزشتہ روز رکن پنجاب اسمبلی و سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیئرمین راجہ حنیف ایڈوکیٹ کی دعوت پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید اسد مشہدی ،نائب صدر سبور ملک،ارکان مجلس عاملہ اور ممبران اکرام عباسی،ملک ایاز،راجہ نصراﷲ و دیگر کے ہمراہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آفس کا دورہ کیا،ایم ڈی عرفان قریشی اور سیکریٹری بیرسٹر مدثر نے وفد کو خوش آمدید کہا اور راول فیسٹول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے صدر چیمبر کو تفصیل سے آگا ہ کیااور بتایا کہ 2مئی سے 10مئی تک راولپنڈی کی تمام مارکیٹوں میں صفائی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے،27 اپریل تا 3 مئی تک ہفتہ صفائی بھی منایا جارہا ہے،کمپنی شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔

(جاری ہے)

ایم ڈی عرفان قریشی نے راول ٹاؤن اور پوٹھوہار ٹاؤن میں صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بھی وفد کو بریفنگ دی اور کہا کہ فیسٹول کے دوران عوام کو صفائی کی سہولیات مہیا کرنا کمپنی کی ترجیحات میں شامل ہے ، صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے قلیل مدت میں راولپنڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبر اس فیسٹول میں 12سے15لاکھ افراد کی شرکت کا تخمینہ لگا رہا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے باہر آنے سے صفائی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس حوالے سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے آج بروز منگل 21 اپریل کو شام 6 بجے چائنہ مارکیٹ سے کالج روڈ تک فیسٹول واک کا اہتمام کیا ہے جبکہ 30 اپریل کوراولپنڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر ’’کلین ڈے،،منایا جائیگا تاکہ شہر کو صاف ستھرا کرنے اور تجارتی مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے،رکن پنجاب اسمبلی و سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیئرمین راجہ حنیف ایڈوکیٹ نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔