حیدر آباد،کبھی بھی عوام کی محبت کو فراموش نہیں کرسکتے، مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، ملک اسد سکندر

پیر 20 اپریل 2015 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور رُکن قومی اسمبلی و سماجی شخصیت سردارملک اسد سکندر نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھی عوام کی محبت کو فراموش نہیں کرسکتے، عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں عوامی مسائل کا بخوبی اندازہ ہے اور انہیں حل کرانے کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہورہے ہیں کیونکہ یہاں کی عوام ہمارا سب سے بڑا قیمتی سرمایہ ہیں، ہماری سیاست کا محور صرف عوام کی خوشحالی ہے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، ایک ارب 25کروڑ کی لاگت سے ٹیلیگراف ریلوے کراسنگ پر اُوور ہیڈ برج کی منظوری مل گئی ہے جس پر جلد کام شروع ہونے والا ہے اس برج کی تکمیل سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا اور ان کی تکالیف ختم ہوجائیگی جبکہ سائٹ میں واٹر سپلائی اسکیمیں و ترقیاتی کاموں پر کام جاری ہے، ’’کوٹری اسپیشل ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران رُکن قومی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر نے مزید کہاکہ ہم اپنے منشور کے تحت بلاتفریق عوام کی خدمت کررہے ہیں کیونکہ ہماری منزل اقتدار نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے اور اسی عوامی خدمات اور عوام کے درمیان رہ کر ہم جامشورو ڈسٹرکٹ کی عوام کے دلوں پر راج کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہم نے جب بھی عوام سے کوئی بھی وعدہ کیا اس پر ہمیشہ پورا اُترے اور مستقبل میں بھی عوام کے بھروسے پر پورا اُترینگے اور عوام کے مسائل حل کرانے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کرتے رہیں گے، سردار ملک اسد سکندر نے ان پر اعتماد کااظہار اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے سیاسی و سماجی و قوم پرست پارٹیوں کے کارکنان کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہاکہ ہم پر اعتماد اور شمولیت کرنے والوں نے ہم پر جو اعتما دکیا ہے ہم ان کے بھروسے پر ہمیشہ پورا اُتریں گے اور انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کرینگے۔