ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شاہراہ پاکستان پر سٹریٹ لائٹس پولز ہٹانے، درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹنے کا نوٹس لے لیا

پیر 20 اپریل 2015 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے اتوار کو شاہراہ پاکستان پر اسٹریٹ لائٹس پولوں کو ہٹانے اور درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پارکس اور ورکس اینڈسروسز کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر اس کی رپورٹ پیش کریں کہ اسٹریٹ لائٹس پولز کے ہٹانے اور درختوں کی کٹائی سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کتنا نقصان ہوا ہے تاکہ اس کے ازالے کے لئے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ایک خط کے ذریعے کہا ہے کہ اتوار کو شاہراہ پاکستان پر اسٹریٹ لائٹس پولز کو نکال کر پھینکا گیا ہے جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ملکیت ہیں جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اتوار کو شاہراہ پاکستان پر درجنوں درخت بھی بلاجواز اور غیر قانونی طور پر کاٹے گئے ہیں لہٰذا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور جو بھی سیاسی پارٹی یا افراد اس میں ملوث ہوں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور متعلقہ پارٹی سے معاوضہ دلایا جائے تاکہ سرکاری املاک کے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :