وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں عملے کی فزیکل ویریفکیشن کا سلسلہ جاری

پیر 20 اپریل 2015 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں عملے کی فزیکل ویریفکیشن کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت گذدرآباد جنرل اسپتال کے تمام عملہ بشمول ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل و انتظامی 166 ملازمین کی فزیکل ویریفکیشن کی گئی جس کے نتیجے میں اسپتال ہذا میں 6 ایسے ملازم پائے گئے جو بلا اطلاع اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے لہٰذا ان تمام ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت جاری کردی گئی،مزید برآں گذدرآباد جنرل اسپتال کے 39ایسے ملازمین جوکے ایم سی کے دیگر اسپتالوں، دواخانوں یا دیگر بلدیاتی محکموں میں تعینات ہیں انہیں 3 یوم کے اندر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے ایم سی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں انہیں آئندہ ان کی ڈیوٹی اور تعیناتی کے مقام کے متعلق احکامات دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت بلدیہ کے زیر انتظام مختلف اسپتالوں اور شفا خانوں میں تعینات عملے کی فزیکل ویریفکیشن کی جارہی ہے تاکہ ان تمام طبی اداروں میں عملے کی حاضری کو یقینی بنا کر ان کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کسی بھی محکمے میں گھوسٹ ملازمین کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان کی تنخواہیں روک کر ملازمت سے برطرف کیا جائے گا تاہم جو ملازمین باقاعدگی سے اپنے ڈیوٹی پر آتے ہیں اور اپناکام پوری دیانتداری سے انجام دیتے ہیں انہیں اس سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ ایسے ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے انہو ں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے لہٰذا شہریوں کو ہر ممکن بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں اگر محکموں کی کارکردگی اچھی ہوگی تو اس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے اور شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :