کراچی، میٹرک کے سالانہ امتحانات 2015کا بارہواں روز، جعلی امیدوار سمیت 04طلباء نقل کرتے پکڑے گئے

نقل کا خاتمہ ہماری مشترکہ جدوجہد ہے، میڈیا اور سول سوسائیٹیز بھی نقل کلچر کی نشاندہی کریں، چئیرمین فصیح الدین خان

پیر 20 اپریل 2015 21:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت جاری سالانہ امتحانات 2015؁ٗء کے بارہویں روز پیر کی صبح کی شفٹ میں کیمسٹری جماعت دہم (ناکام امیدواروں کیلئے )جبکہ دوپہر کی شفٹ میں بریل،عربی ،فارسی اور حسابات خانہ داری اور متعلقہ مسائل کے پرچے منعقد ہوئے ۔اس موقع پر چئیرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان اور ناظم امتحانات نعمان احسن نے الگ الگ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے ۔

چئیرمین میٹرک بو رڈ فصیح الدین خان نے فرحانہ گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول ناظم آباداور وسیم گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول ناظم آبا د کا دورہ کیا جہاں طا لبات پرسکون ماحول میں امتحانات دے رہی تھیں جبکہ چلڈرن اکیڈمی GBSSناظم آبادکے دورے کے دوران ایک جعلی امیدوار سمیت 2طلباء نقل کرتے پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ناظم امتحانات نعمان احسن نے الرحمن سیکنڈری اسکول گلشن ضیاء اورنگی ٹاؤن سے 2طالبات کو نقل کرتے ہوئے پکڑا اور ان کو امتحانات دینے سے روک دیا ۔

چئیرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے کہا کہ نقل کا خاتمہ ہماری مشترکہ جدوجہد ہے ،انھوں نے مزید کہا کہ میڈیا اور سول سوسائیٹیز ایسے اسکولوں کی نشاندہی کریں جہاں نقل جیسے ناسور کو پروان چڑھایا جارہا ہے اور ایسے اسکولوں کی بھی نشاندہی کریں جو نقل کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں ۔سیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر اساتذہ ایمانداری سے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور فرائض انجام دیں تو نقل مافیا کی کمر ٹوٹ سکتی ہے۔

ناظم امتحانات نعمان احسن نے سینٹر کنٹرول آفیسر زاور سینٹر سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ امتحانی مراکز پر اپنی ڈیوٹیاں محنت اور ایمانداری سے انجام دیں اور نگراں کمرہ امتحان پر کڑی نظر رکھتے ہوئے نقل کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :