پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کی اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں جناح ہسپتال سے مال روڈ تک احتجاج ریلی ،دھرنا دیدیا

احتجاج میں پنجاب بھر سے نمائندوں سمیت ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن کے ملازمین بھی شریک ، اپنے مطالبات اور حکومت کیخلاف نعرے بازی مال روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ، شدید گرمی کے باعث متعدد مظاہرین بے ہوش بھی ہوئے ،طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا احتجاج کی جگہ سے گزرنے کی کوشش پر شہریوں کی مظاہرین سے تلخ کلامی بھی ہوئی ،مظاہرین کی جانب سے متعدد شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا

پیر 20 اپریل 2015 21:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں جناح ہسپتال سے مال روڈ تک احتجاج ریلی نکالی اور سیون کلب چوک میں دھرنا دیدیا ، احتجاج میں پنجاب بھر سے نمائندوں سمیت ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن کے ملازمین نے بھی شرکت کی ، مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے مطالبات درج تھے ، دوپہر کے اوقات میں شدید گرمی کے باعث متعدد مظاہرین بے ہوش بھی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کے نظام درہم برہم ہو گیا ،احتجاج کی جگہ سے گزرنے کی کوشش پر شہریوں کی مظاہرین سے تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ مظاہرین کی جانب سے متعدد شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں جناح ہسپتال لاہور سے احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے ۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق اور پنجاب حکومت کے خلاف میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ احتجاج میں مظفر گڑھ ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے ملازمین کے علاوہ ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن نے بھی احتجاجی ریلی میں شرکت کی ۔

مظاہرین کی احتجاجی ریلی مال روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی جس کے بعد مظاہرین نے سیون کلب چوک میں احتجاج دھرنا دیدیا ۔ دھرنے کے باعث مال روڈ اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے چار سال قبل کئے گئے وعدوں پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے ، جب بھی احتجاج کرتے ہیں ہمیں ایک لیٹر تھما دیا جاتا ہے جس میں صرف لفظوں کا ہیر پھیر کیا جاتا ہے ، بیورو کریسی بھی چکر پر چکر لگواتی رہتی ہے ۔

ابھی تک پیرا میڈیکس کے چار درجاتی سروس سٹرکچر پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ اس طرح بورڈ آف مینجمنٹ کے ڈیلی ویجز ، کنٹریکٹ، ایڈہاک ملازمین ابھی تک ریگولر نہیں ہو سکے ۔بی او ایم، ڈیلی ویجز، ایڈہاک اور ورک چارج ملازمین کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے۔ سکیل 5تا 17کے پیرا میڈیکس اور ہیلتھ سپورٹ سٹاف کو ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے۔

مظاہرین نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات کے حق میں پہلے بھی کئی بار احتجاج کر چکے ہیں مگر لگتا ہے کہ ہمارے اس پرامن احتجاج کا حکومت پر کوئی اثر نہیں ہو رہا۔ لیکن اب جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے ہم اپنا احتجاج دھرنا جاری رکھیں گے ۔ شام کے اوقات میں احتجاج کی جگہ سے گزرنے کی کوشش پر مظاہرین اور موٹر سائیکل سوار شہریوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے متعدد شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :