پنجاب بھر سے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر

گندم خریداری کی الیکٹرونک مانیٹرنگ کی جائے گی،وزراء اور افسر بھی نگرانی کریں گے کاشتکاروں میں باردانہ کی شفاف تقسیم یقینی بنائی جائے‘وزیر خوراک بلال یاسین کا فیصل آباد میں خطاب

پیر 20 اپریل 2015 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پر رواں سیزن کے دوران پنجاب بھر سے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس پرحکومت پنجاب 130،ارب روپے خرچ کرے گی۔اس سلسلے میں خریداری مراکز پر گندم کے کاشتکاروں کو ہرممکن سہولیات یقینی بنائیں گے۔یہ بات صوبائی وزیر خوراک بلال ےٰسین نے کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران بتائی۔

سیکرٹری فوڈ پنجاب ڈاکٹرپرویزاحمدخاں،صوبائی وزیر خوراک نے گندم کی خریداری کے لئے حکومت پنجاب کی پالیسی کے نمایاں پہلوؤں سے آگاہ کرتے کہا کہ کاشتکاروں میں باردانہ کی شفاف تقسیم کویقینی بنایا جائے گا جبکہ خریداری سنٹرزیر کاشتکاروں کے بیٹھنے وآرام کے لئے سایہ دار جگہ،پینے کا ٹھنڈا پانی،ریونیوسٹاف کی موجودگی کویقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ خریداری مراکز پرٹرالیوں کی آن لوڈنگ کے لئے زیادہ لیبر کا بندوبست کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس بار گندم کی خریداری مہم کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ تحصیل،ضلع اورسنٹرکی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیز بھی فعال رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اورمڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزراء اورصوبائی افسران کو بھی گندم کے خریداری مراکز کامعائنہ کرنے کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں اورکاشتکارکسی شکایت یادقت کی صورت میں ہیلپ لائن کے نمبر0800-60606پر رابطہ کرسکتے ہیں۔سیکرٹری فوڈ پنجاب ڈاکٹرپرویزاحمد خاں نے کہا کہ کاشتکاروں کی آسانی اور سہولت کے لئے باردانہ کے اجراء،گندم کی خریداری کے تمام عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی اورکاشتکاروں کوگندم کی قیمت کی ادائیگی کے لئے قریبی تمام بینکس کی برانچز کو مقررکردیاگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے 1300روپے 40کلوگرام پرگندم خریدی جائے گی اورساڑھے سات روپے فی بوری ڈلیوری چارجز ادا کئے جائیں گے۔ڈائریکٹرفوڈ نے کہا کہ خریداری مراکز پر10فیصد تک نمی کی حامل گندم قابل قبول ہوگی تاہم چھوٹے دانے کی خریداری سے انکارنہیں کیا جائے گا۔ڈویژنل کمشنر نے یقین دلایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی خریداری مہم کو احسن طریقے سے مکمل کریں گے اور کاشتکاروں سے بھی قریبی رابطہ رہے گا۔