دورہ معاشی ،اقتصادی اورتجارتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا، چین کی قیادت اورعوام پاکستان کی مشکلات اورمسائل سمجھتے ہیں

چین نے ایک ایسے وقت میں ہاتھ تھاما ہے جب پاکستان توانائی کے بد ترین بحران سے نبردآزما ہے‘وزیراعلیٰ کی چینی حکام سے گفتگو

پیر 20 اپریل 2015 21:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے صدر کے ا علانات نے پاکستان میں ایک روشن معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے،پنجاب کے لئے جن منصوبوں کا سنگ بنیا درکھا گیاہے یا جن معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ہے، ان پر عملدرآمد کے لئے شب وروز ایک کر دیں گے۔ وہ اسلام آباد میں پاک چین تاریخ ساز معاہدوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ چین کے صدر کے خطاب نے پاکستانی قوم کو نیا ولولہ اورحوصلہ دیاہے ، روی کا دور گزر گیا ،آنے وا لے سال معاشی ترقی او رعوام کی خوشحالی کے ادوار ہیں۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں قوم کو او ربھی خوشیاں ملیں گی ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے توانائی،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ،مائننگ اوردیگر شعبوں سے وابستہ چین کی سرکاری و نجی سیکٹرز کی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے صدر کے تاریخی دورہ پاکستان سے پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور چین کے صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان بے مثال تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

(جاری ہے)

چین کے صدر کایہ دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔ چین کے صدر کی آمد اہل پاکستان کیلئے ایک تاریخی واقعہ ہے اور 20 اپریل کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یادگار رہے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے دنیاکا سب سے بڑا ڈیم’’ تھری گورجیس ‘‘بنانے والی چین کی کمپنی پاور چائنہ کے چیئرمین ین ژی یونگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں آبی ذخائر سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چینی تعاون سے آبی ذخائر سے بجلی پیدا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چین توانائی کے شعبے میں پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کررہا ہے اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو قرضہ قرار دینے والے غلط بیانی سے کام لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ معاشی ،اقتصادی اورتجارتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے چائنہ ریلویز اور نورینکو انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے و فد نے ملاقات کی، جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہو راورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کا عظیم الشان پراجیکٹ ہے اور یہ منصوبہ پاکستان میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نکتہ آغاز ثابت ہوگا اور شہریوں کو تیز رفتار، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا اہل پاکستان کیلئے تحفہ ہے۔چین کی سرمایہ کاری سے مختلف منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کے اقتصادی پیکیج سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چینی تعاون سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں اوران منصوبوں کو اعلی معیار اورشفافیت کے ساتھ تیزرفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

چائنہ ریلویز کے وفد کی قیادت نائب صدر لو چن فینگ جبکہ نورینکو انٹرنیشنل گروپ کے وفد کی سربراہی صدر وین گینگ کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف سے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے چیئرمین سن بائی کی قیادت میں اعلی سطح کے وفدنے بھی ملاقات کی،جس میں توانائی ،جدید مائننگ اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں تاریخ ساز سنگ میل ہے۔چین نے ایک ایسے وقت میں ہاتھ تھاما ہے جب پاکستان توانائی کے بد ترین بحران سے نبردآزما ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت اورعوام پاکستان کی مشکلات اورمسائل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے پاس دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع تھے لیکن اس نے پاکستان کا انتخاب کیا ۔پاکستان اوراس کے عوام چین کے مثالی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

متعلقہ عنوان :