این اے 246میں جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں ،صاحبزادہ ابو الخیر زبیر

23اپریل کو عاشقان مصطفیﷺ ترازو پر مہر لگا کر شہر کو یرغمال بنانے والوں سے نجات حاصل کریں گے ،قاضی احمد نورانی

پیر 20 اپریل 2015 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی )صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے این اے 246میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار راشد نسیم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور JUPکے رہنماؤں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ راشد نسیم کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں اور ان کی کامیابی کے لیے جدو جہد کریں ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے کہا کہ کراچی نبی کریم ﷺ کے غلاموں اور درود و سلام کا شہر ہے عاشقان مصطفیٰ ؐ 23اپریل کو دہشت گردی ،بھتہ خوری کو عام کرنے والوں اور شہر پر زبردستی مسلط رہنے والوں کو مسترد کردیں گے ۔

دریں اثناء جمعیت علما ئے پاکستان (نورانی )کراچی کے صدر مولانا قاضی احمد نورانی نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ،نامزد امید وار راشد نسیم اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کو یقین دہانی کرائی کہ جے یو پی (نورانی )کے مرکزی صدر کی جانب سے فیصلے کی روشنی میں ہم راشد نسیم کی بھرپور حمایت کریں گے اور تما م عاشقان مصطفیٰﷺ 23اپریل کو ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے امیدوار کو کامیاب کریں گے اور شہر کو یرغمال بنانے والوں سے نجات حاصل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :