شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے پیغام اور فکروفلسفہ سے دوری ایک قومی المیہ ہے،مشاہد اﷲ خان

پیر 20 اپریل 2015 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے پیغام اور فکروفلسفہ سے دوری ایک قومی المیہ ہے جس کا تدارک کئے بغیر ہم پاکستان کی اقبال اور قائد کے تصور کے مطابق صحیح معنوں مین ایک آزاد، خود مختار اور خوشحال جمہوری ملک نہیں بنا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے کلائمیٹ بیج مشاہد اﷲ خان نے ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں سات روزہ تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے تحت اس خصوصی نمائش میں معروف خطاط اور مصورِ اقبال، اسلم کمال کے کلامِ اقبال پر مشتمل شاہپاروں کے علاوہ حیاتِ اقبال کے مختلف ادوار پر مشتمل نادر تصاویر رکھی گئی ہیں۔ مشاہد اﷲ خان نے نمائش میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے یہ بات زور دیکر کہی کہ نئی نسل کو فکرِ اقبال سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس قسم کی سرگرمیوں کی ضرورت ہے کیونکہ اقبال کا کلام اعلیٰ انسانی اقدار، اسلامی روایات اور خودداری کی صفات کے فروغ میں ہماری موثر رہنمائی کر سکتا ہے۔ اس موقعہ پر مصور اسلم کمال بھی موجود تھے جنہوں نے حاضرین کو فکرِ اقبال پر بنائی گئی تصاویر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نمائش 25اپریل تک جاری رہے گی۔راجہ کا شف