محکمہ خوراک گرمیوں میں عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے، وزیر خوراک خیبرپختونخوا

پیر 20 اپریل 2015 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے متعلقہ حکام کو سختی سے تنبیہہ کی ہے کہ وہ بازارو ں میں فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی تمام اشیاء باالخصوص گوشت،دودھ،روٹی،مشروبات،پھلوں اور سبزیوں کی تازگی اور معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں اور اس مقصد کے لئے باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جائیں اور ناقص اشیاء کی فروخت میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزائیں دلوائیں۔

وہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں خوراک سے متعلق ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیکرٹری خوراک صاحبزادہ فضل امین،ڈائریکٹر خوراک محمد انور خان،ڈپٹی سیکرٹری قانون محمد شکیل اصغر،سابق ممبر پبلک سروس کمیشن عطاء الرحمان لودھی،محمد نعیم بٹ اور دیگر ممبران و حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روزمرہ اشیاء کی طلب و رسد ،ربیع کی حالیہ بہتر فصلوں کے پیش نظر گندم کی ذخیرہ کاری اور قیمتوں پر نظر ثانی،عوام کو انکے فوائد سے مستفید کرنے اور سرکاری گوداموں کی حالت بہتر بنانے سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔

وزیر خوراک نے مزید ہدایت کی کہ گرمیوں کی آمد کے پیش نظر گوشت اوردوددھ سمیت بنیادی غذائی اشیاء کو مکھیوں اور گرد و غبار سے محفوظ بنانے کے لئے جالیو ں کا استعمال اور حفظان صحت کے تمام اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کیمیکل ملے دودھ،گلی سڑی سبزیوں اور پھلوں ،کم وزن اور غیر معیاری روٹی،مضر صحت آئس کریم اور مشروبات کی فروخت سے متعلق عوامی شکایات ہر گز برداشت نہیں کی جائیں گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی کی جائے گی حتیٰ کہ انہیں دوسروں کے لئے نشان عبرت بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکام و فوڈانسپکٹرزکے چھاپوں کا شیڈول ذاتی نگرانی میں بنائیں اور اعلیٰ سطح پر بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس باقاعدگی سے بھجوائی جائیں۔