شندور فیسٹول ماہ اگست2015 کے پہلے ہفتے میں منعقد کرنے پر اتفاق

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان دونوں مل کر اس عالمی ایونٹ کو زندہ کریں گے شندور امن سیمینار کے انعقاد کے موقع پر امجد خان آفریدی اور عنایت اﷲ شمالی کی مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 20 اپریل 2015 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخواکے زیر انتظام پیر کے روز پشاور میں شندور امن و سیاحت کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے سیاحت امجد خان آفریدی اور صوبہ گلگت بلتستان کے وزیر برائے کھیل و سیاحت عنایت اﷲ شمالی سیمینار کے مہمان خصوصی تھے۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور سردار سورن سنگھ،گلگت بلتستان کے وزیر خوراک عبدالجہان خان،ایم پی اے چترال سید سردار حسین شاہ،خاتون ایم پی اے چترال فوزیہ بی بی،ایم ڈی سیاحت گلگت بلتستان مشتاق احمد ،سیکرٹری سیاحت ،وزیر ترقیات و منصوبہ بندی گلگت بلتستان علی مراد،چترال سکاؤٹس کے رہنماکرنل محمد طاہر سمیت نامور صحافیوں،شعرائے کرام اور دیگر سیاسی و سماجی نمائندگان نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار میں شندور پولو فیسٹول کو مزید رنگین بنانے اور اسے بہتر اندازمیں آرگنائز کرنے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔اس موقع پر نہ صرف فیسٹول سے متعلق تحفظات کو دور کیا گیا بلکہ آئندہ کے لئے مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ایونٹ کو بین الاقوامی سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 2016ء کو سیاحت کا سال قرار دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سیمینار کے ا ختتام پر صوبائی مشیر برائے سیاحت امجد خان آفریدی نے گلگت بلتستان کے وزیر برائے کھیل و سیاحت عنایت اﷲ شمالی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگست بلتستان اور چترال کے عوام کا باہمی رشتہ ہمیشہ سے قائم ہے اور قائم رہے گا۔پولو ٹورنامنٹ سے متعلق گلگت بلتستان کے عوام کے تحفظات اور دیگر اختلافات خوش اسلوبی سے حل کر لئے گئے ہیں دونوں حکومتیں مذکورہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دینے پر متفق ہو گئی ہیں۔

عنایت اﷲ شمالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت نے تحفظات کو دور کرتے ہوئے نہایت وسعت قلبی اور وسعت نظری کا مظاہرہ کیا جس نے دونوں صوبوں کے باہمی تعلق اور محبت کو مزید جلا بخشی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دونوں حکومتیں مل کر اس ایونٹ کو زندہ کریں گی اور آئندہ کسی کو کوئی گلہ نہیں رہے گا۔قبل ازیں ایم پی اے چترال سید سردار حسین شاہ،وزیر خوراک عبدالجہان خان،ایم پی اے چترال فوزیہ بی بی،چترال سکاؤٹس کے رہنماکرنل محمد طاہر اور دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کیااور اس امیدکا اظہار کیا کہ دونوں صوبوں کے عوام اور اعلیٰ حکام ملکر شندور ایونٹ کو کامیاب بنائیں گے۔

کرنل محمد طاہر نے یقین دہانی کرائی کہ ا یونٹ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔سیمینار کے شرکاء کے لئے دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں چترال کے ثقافتی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا اور دلکش وادیوں کا تعارف کرایا گیا ۔مزید برآں وہاں کے عوام کو درپیش مسائل خصوصاً تعلیم و صحت پر بھی سیر حاصل روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے مذکورہ سیمینار کے انعقاد پر ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخواکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کااظہار کیا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔سیمینار کے ا ختتام پر دونوں حکومتوں کے نمائندگان کی طرف سے ا عزازی شیلڈز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔