پاکستان کے شمالی علاقے اپنی نظیر آپ ہیں ترکی سے سرمایہ کارپاکستان لائیں گے‘ ضرار کلیم

پاکستان میں ایک بار پھر ہوٹل اینڈ ٹورازم کی انڈسٹری کو فروغ دیں گے‘ عظیم قصوری کا اجلاس سے خطاب

پیر 20 اپریل 2015 20:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوٹل اینڈ ٹورازم کی میٹنگ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی خواجہ ضرار کلیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات اپنی مثال آپ ہیں ان علاقوں میں تفریحی مقامات کو بہتر بنانے کیلئے ترکی سے سرمایہ کاری پاکستان لائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہوٹل اینڈ ٹورازم کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ چند روز قبل ترکش وفد نے گوجرانوالہ چیمبر کے دورہ کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے ایک سال میں 35 بلین ڈالر زرمبادلہ کمایا تھا ۔ ہم بھی پاکستان میں ترکی سے ہوٹل اینڈ ٹورازم کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے سرمایہ کاری کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

ہوٹل اینڈ ٹورازم کی سٹینڈنگ کمیٹی کے ریجنل چیئرمین عظیم قصور ی نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی اور لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان سے منہ موڑ لیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اربوں روپے کے قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہو چکا ہے ۔ انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی سطح پر بھی سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جا سکے جس کی وجہ سے یہ شعبہ بری طرح متاثر ہو ا ہے انہوں نے کہاکہ ہم لاہور سمیت ملک کے دیگر تاریخی، پرفضا مقامات اور شمالی علاقہ جات کیلئے تاجروں اور دیگر شائقین پر مشتمل ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے وفود لے کر جائیں گے اور ہوٹل اینڈ ٹورازم انڈسٹری کو فروغ دیں گے انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا کی وساطت سے عالمی برادری کے ذہنوں سے پاکستان بارے منفی تاثرکو ختم کریں گے، ہوٹل اینڈ ٹورازم کی اس میٹنگ میں دیگر ممبران میں وائس چیئرمین میاں رمضان ، محمد عابد خان ، عادل رضا ، ظفر اقبال ، محمد جاویداقبال، اکرام الحق ، محمد رفیق ، ڈاکٹر ساجد چوہدری ، رخسانہ ظفر ، راوٌ خورشید علی ، محمد رفیق اور دیگر نے بھی اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :