چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا‘ ایف پی سی سی آئی

چین کے صدر شی چن پنگ کا دورہ پاکستان پا ک چین اقتصادی راہداری کے استحکام کی ضمانت ہے‘ خواجہ ضرار کلیم

پیر 20 اپریل 2015 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین خواجہ ضرار کلیم نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی چن پنگ کا دورہ پاکستان پا ک چین اقتصادی راہداری کے استحکام کی ضمانت ہے، چینی صدر کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی عمل میں ممدومعاون ثابت ہونے والے اقدامات کی عملی مظہر ہے بلکہ خطے میں علاقائی امن،استحکام اور خوشی کا ضامن ہے،اس منصوبے کے تحت توانائی،انفراسٹرکچر،زرعی ترقی ،روزگار کے مواقع،تعلیم کا فروغ،صحت عامہ اور عوامی روابطہ کے اہم ترین منصوبوں میں باہمی تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری اپنے حلقہ ء اثر میں چین،جنوبی ایشیاء اور وسطی ایشیاء میں آباد دنیا کی تقریباََ نصف آبادی یعنی 03ارب افراد کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 20ارب ڈالرز کی بے مثال چینی سرمایہ کاری سے بننے والے پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ،حبکو کول،ساہیوال کول،سالٹ رینج، سچل ونڈ پراجیکٹ،ہائیڈرو چائنہ ونڈ پراجیکٹ اور دیگر کوئلے ،پانی ،ہوا اور شمسی توانائی پر مشتمل سستے ایندھن سے چلنے والے منصوبوں کی تکمیل سے ملک بھر میں بجلی کی کمی کا خاتمہ ہو گا۔

ضرار کلیم نے مزید کہا وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا ہے۔چینی صدر کے تاریخی دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ بے مثال اقتصادی تعاون نہ صرف پاکستان میں تجارت ،سیاحت اور سماجی و اقتصادی سر گرمیوں میں تیزی لائے گا بلکہ یہ خطے کی تاریخ کی سمت طے کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔چینی صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا،چین کے توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملک میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور صنعتوں کو وافر بجلی کی فراہمی سے حکومت کا صنعتی ترقی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :