بدامنی، کرپشن، بے حیائی کے خاتمے اور انصاف کی بالادستی کے لیے امانتدار قیادت کا انتخاب ناگزیر ہے،جماعت اسلامی پاکستان کو پرامن ،خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا چاہتی ہے، امیرجماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد

پیر 20 اپریل 2015 20:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک پاکستان میں جاری بدامنی ،کرپشن، بے حیائی کے خاتمے اور انصاف کی بالادستی کے لیے امانتدار قیادت کا انتخاب ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کے مختلف ذمہ داران سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ہونے والے انتخابات میں اب عوام کے پاس یہ موقع موجود ہے کہ وہ ان لوگوں کا انتخاب کریں جوان کی امانتوں کی حفاظت کرسکیں۔

(جاری ہے)

ان شاء اﷲ جماعت اسلامی پاکستان اﷲ کی تائید اور عوام کے تعاون سے خوشحال اسلامی پاکستان کی تعمیرتک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ کارکنان عوام تک جماعت اسلامی کاپیغام پہنچائیں اور لوگوں پر واضح کریں کہ اسلامی پاکستان ہی دراصل خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام اگر اپنے مقدرکو بدلنا چاہتے ہیں توکنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیں ،کیونکہ ایک دیانتدار اور صالح قیادت ہی اس ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نظریاتی تحریکیں ہمیشہ اپنے مقاصد کے ساتھ جڑی رہتی ہیں اور اپنے کردار میں انقلابی تبدیلی لاکر ہی اسلامی ،خوشحال پاکستان پرمشتمل معاشرہ شرمندہ تعبیر کیاجاسکتا ہے۔