بیساکھی میلہ تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آئے سکھ یاتری واہگہ ریلوے اسٹیشن کے ذریعے واپس روانہ

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے نیک خواہشات و جذبات کے ساتھ رخصت کیا

پیر 20 اپریل 2015 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آئے سکھ یاتری واہگہ ریلوے اسٹیشن کے ذریعے واپس روانہ ہو گئے۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے انہیں نیک خواہشات و جذبات کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار امریک سنگھ نے کہاہے کہ ہم یہاں ملنے والی عزت افزائی اور پیار محبت کو کبھی بھول نہ پائیں گے، ہماری سیکورٹی ، رہائش ، سمیت دیگر تمام تر انتظامات پہلے سے بہت بہتر تھے، اور ہمارے گوردواروں کی خوبصورتی اور ترقیاتی کام قابل تعریف ہیں جس پر ہم چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق اور حکومت پاکستان کے بے حد شکرگزار ہیں، سردار سورن سنگھ گل نے حکومت پاکستان و ٹرسٹ بورڈ کے سکھوں کیلئے کیے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں جس پر ہم انکے شکر گزارہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ ہم نے مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی اور انتظامات کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ، یاتری جب دوبارہ پاکستان آئیں گے تو انہیں بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا ، میں نے خودکو سکھوں اور ہندؤوں کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے ، یاتریوں کا ہمارے انتظامات کی تعریف کرنا باعث فخر ہے ، جس کا تمام تر کریڈٹ وفاقی و صوبائی حکومت کو بھی جاتا ہے۔سکھ یاتری اپنی آنکھوں میں خوشی کے آنسو سجائے اور حسین یادیں لیے واپس اپنے ملک روانہ ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :