پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالرز کے متعدد معاہدوں پر دستخط، وزیراعظم اور چینی صدرکی 8منصوبوں کی نقاب کشائی

نواز شریف اور چینی صدر شی چن پنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے توانائی کے 5بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، دونوں ممالک کے درمیان آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کا بھی آغاز

پیر 20 اپریل 2015 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالرز کے متعدد معاہدے طے پا گئے، وزیراعظم نواز شریف اور چینی صدر شی چن پنگ نے وزیراعظم آفس میں 8منصوبوں کی نقاب کشائی کر دی، دونوں رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے توانائی کے 5بڑے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالرز کے متعدد منصوبوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم نواز شریف چینی صدر شی چن پنگ اور دونوں ممالک کی کابینہ کے وفود نے شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعظم نواز شریف اور چینی صدر شی چن پنگ نے 8منصوبوں کی نقاب کشائی کی ان آٹھ منصوبوں میں لاہور میٹر اورنج لائن ریلوے نظام قائداعظم شمسی توانائی کا منصوبہ لاہور میں انڈسٹریل کمرشل بینک چائنا کی برانچ کھولنے ، چھوٹے پن بجلی کے منصوبوں کیلئے پاک چین مشترکہ تحقیقی مرکز کا افتتاح اور پاکستان میں چین کے ثقافتی مرکزکے قیام کا آغاز بھی شامل ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کا بھی آغاز ہو گیا، ریڈیو پاکستان اور چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے ایف ایم 98دوستی چینل اسٹوڈیو کے افتتاح سمیت چینی صدر اور وزیراعظم نواز شریف نے 5توانائی منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا، پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرمیٹر سیل ملٹی میڈیا براڈ کاسٹ منصوبے کا افتتاح بھی کیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے توانائی کے تمام منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، پنجاب میں بہاولپور کے قریب900میگاواٹ کے قائد اعظم سولر پارک توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد 700میگاواٹ کے کروٹ پن بجلی منصوبے ، دادو، جھمبیر اور سچل میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور چینی وزیر خارجہ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے ، اسٹریٹیجک تعاون کی شراکت داری کے مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بڑے منصوبوں کیلئے تعاون کے فریم ورک کا معاہدہ بھی طے پا گیا، ان منصوبوں پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چینی ادارے این ڈی آر سی کے چیئرمین نے دستخط کئے اس کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تکنیکی معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور چین کے وزیر تجارت ہوچنگ نے دستخط کئے۔