چین کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے، چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرے گا،دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں سے نئے دور کا آغاز ہو گا، چینی صدرکے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات بلندیوں کی نئی حدو ں کو چھوئیں گے ، آئندہ سالوں میں پاک چین اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط ہو گی ،پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے، وزیراعظم

پیر 20 اپریل 2015 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف اور چینی صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تعاون کر رہے ہیں اور چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرے گا ، چین کی سلامتی اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، دونوں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متفق ہیں دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں سے نئے دور کا آغاز ہو گا او ر چینی صدرکے دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات بلندیوں کی نئی حدو ں کو چھوئیں گے ، آئندہ سالوں میں پاک چین اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط ہو گی، پاکستان اور چین کا مستقبل مشترک ہے۔

وہ پیر کو اربوں ڈالر کے منصوبوں کے حوالے سے معاہدوں پردستخطوں اور ان کے افتتاح کی تقریب کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ شی چن پنگ ایک عظیم راہنما اور پاکستان کے اچھے دوست بھائی ہیں، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے، افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اقتصادی راہداری سے چار صوبوں کو بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے، چین کی سلامتی اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، دونوں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متفق ہیں، ہم نے عوامی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا، ہمارے تعلقات کا اہم جزو مستقل مزاجی اور تسلسل ہے، عالمی اور علاقائی بلکہ ملکوں کے باوجود پاک چین تعلقات کو ہمیشہ فروغ ملا، ہمارے تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد اور مفاد پر مبنی ہے، چینی صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بلند یوں تک جائیں گے۔

اس موقع پر چینی صدر شی چن پنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی ہیں، ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی، میرے دورے کا مقصد پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، مجھے اپنے پاکستانی دوست سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔ چینی صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت کرتے ہیں اور پرجوش استقبال پر پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں، آئندہ دس سالوں میں پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے، پاک چین تعاون کے مختلف منصوبوں کے سنگ بنیاد اور افتتاح پر بے حد خوشی ہوئی، ہم دونوں کا مستقبل مشترک ہے، رواں سال دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ جاری کریں گے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدلنا چاہتے ہیں، خطے میں مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، اقتصادی راہ داری منصوبہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، دونوں ممالک میں 30 معاہدوں کا تعلق اقتصادی راہداری سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی معاہدوں سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، اقتصادی راہداری میں درمیانی اور طویل مدت سرمایہ کاری کر رہے ہیں، بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے مالی تعاون فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کی پڑوسی ملکوں کے ساتھ پر امن بقاء ہے، باہمی کی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، افغانستان میں مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں ۔ چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی ہیں، ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔

متعلقہ عنوان :