26 اپریل کو لیاری میں پیپلز پارٹی کا جلسہ سندھ دشمنوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ،حاجی مظفر علی شجرہ

پیر 20 اپریل 2015 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹڑ و سابق صوبائی وزیر حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہی عوام کے حقوق اور آئین کے تحفظ کی ضامن ہے۔ وہ ابراہیم حیدری لیبر کالونی میں بجلی کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا کہ پورے صوبے کی طرح پی ایس 129 میں بھی پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور زندگی کی بنیادی سہولتیں عوام کی دہلیز پر فراہم کیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اداروں کی سخت نگرانی کررہی ہے اور اداروں کی کارکردگی بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کی رونقیں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کی کچی بستیوں کو سہولتیں بھی فراہم کررہی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ۔

(جاری ہے)

حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا کہ 2013 میں پیپلز پارٹی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پورے ملک پر حکمرانی سے روکا گیا جس کا خمیازہ آج پورے ملک کے عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔

حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا کہ 26اپریل کا لیاری میں پیپلز پارٹی کا جلسہ سندھ دشمن قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور لیاری کے عوام کے دلوں سے آج تک کوئی بھٹو کی محبت کو نہیں نکال سکا ۔لیاری کے عوام کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردی کی آگ میں دھکیل دیا گیا ہے جسے نکالنے کیلئے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے اور لیاری کے عوام کا کھویا ہوا مقام بحال کریں گے اور ان کو امن کا تحفہ دیں گے ۔

بجلی کی فراہمی کی تقریب سے پیپلز پارٹی پی ایس129 کے جنرل سیکریٹری اصغر بلوچ ‘ ڈسٹرکٹ ملیر کے عہدیدار مراد بلوچ ‘ یو سی ابراہیم حیدری کے صدر اکمل بلوچ‘لیبر کالونی ویلفیئر آرگنائزیشن اور پی پی وارڈ 2کے صدر آزم خان ‘ جاوید آفریدی ‘ فرید خان ‘ عارف خان‘ محمد وزیر اعوان ‘ کے الیکٹرک کے افسران نذر حسین ‘ شوکت مگسی اور عالیہ ملک نے بھی خطاب کیا ۔