22اپریل سے ھنگو پیرامیڈیکل سٹاف نے غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا

پیر 20 اپریل 2015 18:58

ھنگو( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)22اپریل سے ضلع ھنگو پیرامیڈیکل سٹاف نے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا،صوبائی حکومت مطالبات کی منظوری کے وعدوں سے مکر گئی،حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں،پولیو مہم کے بائیکاٹ کا بھی اعلان،عوام کی مشکلات کا احساس ہے مگر صوبائی حکومت احتجاج پر مجبور کر رہی ہے،حاجی لقمان گل اورکزئی کا اجلاس سے خطاب۔

تفصیلات کے مطابق پیرامیڈکل ایسوسی ایشن ضلع ھنگو نے مطالبات کی منظوری کے لیے بائیس اپریل سے غیر معینہ مدت کے لیے مکمل ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن ضلع ھنگو کا غیر معمولی اجلاس ضلعی صدر حاجی لقمان گل اورکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں جنرل سکریٹری حاجی مستان خان،نائب صدر شفیع الرحمان،فنانس سکریٹری موسی خان اورکزئی سمیت عہدیداروں اور سٹاف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس مین متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جائز مطالبات کی منظوری تک بائیس اپریل سے پیرامیڈیکل سٹاف ہڑتال کرئے گا۔ضلعی صدر حاجی لقمان گل اورکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی قائدین کے فیصلے کے مطابق ضلع ھنگو کا پیرامیڈیکل سٹاف مکمل ہڑتال کرئے گا انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے دوران صرف ایمر جنسی کوریج دی جائے گی اور اگر ہڑتال کے دوران پولیو مہم آ گئی تو اس مہم کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

حاجی لقمان گل اورکزئی نے کہا کہ سولہ ستمبر 2014 کو اسلام آباد مین وزیر اعلی خیبر پختون خواہ پرویز خٹک نے پیرامیڈیکل ایسو سی ایشن کے صوبائی قائدین سے ملاقات میں ایک ماہ کے اندر مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد وزیر خزانہ اور وزیر صحت نے بھی پیرامیڈیکل سٹاف کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے وعدے کیے مگر تا حال ہم در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سکریٹری خزانہ نے ہماری فائل بغل میں دبا رکھی ہے اور صوبائی حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوالیفائیڈ پیرامیڈکل سٹاف کے فرسٹ ایڈ کلینکوں پر چھاپے بند کیے جائیں اور فرسٹ ایڈ کلینکس کی اجازت دی جائے۔اور ہمارے جائز مطالبات منظور کیے جائیں۔