عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے، سلطان محمود چوہدری

حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک دوبارہ شروع ہوچکی ،روکنے کیلئے بھارتی حکومت نے مظالم شروع کردیئے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 20 اپریل 2015 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کی دوبارہ شروع ہوچکی ہے جس کو روکنے کے لیے بھارتی حکومت نے مظالم شروع کردیئے ہیں ۔

حکومت پاکستان کو اس معاملے پر دوٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے اور مظالم کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سردار ذوالفقار ،چوہدری مقبول ،سردار طارق محمود اور دیگر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 9/11کے بعد عالمی سطح پر حالات تبدیل ہوگئے ۔کشمیر سمیت دیگر آزادی کی تحریکیں خاموش ہوگئیں ۔کشمیریوں نے 9/11کے بعد ہتھیار ڈال کر پرامن طریقے سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد شروع کی تاہم عالمی برداری نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور آج تک مسئلہ کشمیر سردخانے کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دیا جائے ۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام کے چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کا حصہ بنیں ۔چینی صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے ۔پاکستان کو چاہیے کہ وہ چین کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مشترکہ موقف اختیار کرے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پیپلزپارٹی میں ایک فیصد بھی شہید بھٹو اور شہید بی بی کی جھلک نظر نہیں آتی ہے ۔

آزاد کشمیر کی حکومت کرپشن کررہی ہے جس سے آزاد کشمیر کا تشخص خراب ہورہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے پیپلزپارٹی کو خیرباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی سونامی آنے والا ہے اور آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ میں این اے 246میں رہائش پزیر کشمیری عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کراچی میں امن اور تبدیلی کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کو ووٹ دیں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں وہ اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر کی آزادی کے معاملے پر یکجہتی کا اظہار کریں ۔