چینی صدر کی پاکستانی حکومت کی جانب سے ترقی اور دہشتگردی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف

جناب وزیر اعظم آپ سینئر سیاست دان اور انتہائی تجربہ کار ہیں ٗ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد انتہائی قابل ستائش ہے ٗشی چن پنگ امید ہے آپ کے ورے سے پاکستان اور چین کے مابین پہلے سے مضبوط تعلقات میں مزید استحکام آئے گا ٗ نوازشریف

پیر 20 اپریل 2015 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) چینی صدر شی چن پنگ نے موجودہ حکومت کی جانب سے ترقی اور دہشتگردی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناب وزیر اعظم آپ سینئر سیاست دان اور انتہائی تجربہ کار ہیں ٗ دہشتگردی کے خلاف جدوجہد انتہائی قابل ستائش ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چینی صدر نے یہ بات وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ابتدائی سے ملاقات کے دور ان کہی چینی صدر جب وزیر اعظم آفس پہنچے تو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ چینی صدر شی چن پنگ اور انکی اہلیہ کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں ٗچین کے عوام نے ہمیشہ ہمارا پر جوش استقبال کیا چین ہمارا بااعتماد اور بہترین دوست ہے امید ہے دورے سے پاکستان اور چین کے مابین پہلے سے مضبوط تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔

اس موقع پر چینی صدر نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب وزیر اعظم آپ ایک سینئر سیاستدان ہیں۔ آپ انتہائی تجربہ کار ہیں۔ آپ نے حکومت میں آنے کے بعد دور رس اصلاحات کا آغاز کیا ہے جو پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اور دہشت گردی کے خلاف آپ کی جدوجہد انتہائی قابلِ ستائش ہے۔