معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حیدر علی خان کا گھی، تیل کے نرخوں کا جائزہ لینے کیلئے اٹک کے مختلف بازاروں کا دورہ

گھی، تیل کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے،اب تک80 ہزار 442 چالان کئے گئے، پانچ ایف آئی آرز کاٹی گئیں، 5 افراد کو حراست میں لیا گیا،ڈی سی او اٹک

پیر 20 اپریل 2015 17:47

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے صوبہ بھر میں گھی اور خوردنی تیل کے تمام برانڈز پر پندرہ روپے فی کلو و لیٹر کی قیمتوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن رائے حیدر علی خان ایڈووکیٹ نے اٹک کے مختلف بازاروں کا اچانک معائینہ کیا ۔

انہوں نے مختلف سیلز پوائینٹس پر حکومت پنجاب کی جانب نرخوں کی کمی کا موقع پر جائزہ لیا ۔اس سے قبل ڈی سی او آفس اٹک میں اس سلسلے میں ایک اجلاس بھی منعقد ہوا۔ایم پی اے ملک ظفر ، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) جاوید خان باجوڑی، ڈی سی او اٹک چودھری حبیب اﷲ ، اے سی سید نذارت علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجو د تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او اٹک نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مارچ ۲۰۱۵؁ میں قیمتوں میں کمی کا نفاذ کیا گیا جس کے بعد اب تک عوام کو کم قیمتوں پر گھی اور تیل کی فراہمی کے لیے سخت مانیٹرنگ کی گئی اور اب تک اسی ہزار چار سو بیالیس چالان کیے گئے ، پانچ ایف آئی کار کاٹی گئیں اور پانچ افراد کو حراست میں لیا گیاخلاف ورزی پر انتیس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

۔اجلاس میں گندم خریداری برائے سال ۱۵۔۲۰۱۴؁ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سال حکومت پنجاب چالیس لاکھ ٹن گندم خریدے گی جس کے لیے خصو صی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ گندم کا ریٹ تیرہ سو روپے فی من مقرر کیا گیا ہے اور فی بوری ساڑھے سات روپے چارجز ادا کیے جائیں گے ۔ضلع اٹک میں گندم کی خریداری کے لیے سات مراکز جن میں اٹک ، فقیر آباد، حسن ابدال، فتح جنگ ، کھنڈا ، بسال اور پنڈی گھیب شامل ہیں مقرر کیے گئے ہیں ۔

خریداری کی مانیٹرنگ کے لیے کنڑول روم اور سپروائزی کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں ۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن رائے حیدر علی خان ایڈووکیٹ نے اس موقع پر عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خادم پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں پندرہ روپے فی لٹر کے حساب سے کمی کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ کمی گھی اور تیل کے تمام برانڈ ز پر لاگو ہوگی۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اٹک کو ہدایت کی کہ وہ قیمتوں کی کمی کے بارے میں ضلع بھر کی نمایاں جگہوں پر بینرز اور پوسٹر ز آویزاں کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس بارے میں آگاہی ہو سکے۔ انہوں نے دکانداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے نئے نرخ ناموں کو اپنی اپنی دکانوں میں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور نئی قیمتوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔موقع پر موجود عوام نے خادم اعلیٰ پنجاب کی جانب سے قیمتوں کی کمی خیر مقدم کرتے ہوئے اس قدم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :