پاکستان میں ملنے والا پیار و محبت کبھی بھول نہیں پائینگے،بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنیوالے سکھ یاتری واپس بھارت روانہ

سکھ یاتری جب دوبارہ پاکستان آئیں گے تو انہیں بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیف الفاروق

پیر 20 اپریل 2015 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے سکھ یاتر ی گزشتہ روز واہگہ کے راستے بھارت واپس چلے گئے ۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق اور دیگر نے سکھ یاتریوں کو الوداع کیا۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار امریک سنگھ نے کہاہے کہ ہم پاکستان میں ملنے والی عزت افزائی اور پیار محبت کو کبھی بھول نہیں پائیں گے۔

انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی اور رہائش ، سمیت دیگر تمام تر انتظامات بہترین تھے اور ہمارے گوردواروں کی خوبصورتی اور ترقیاتی کام قابل تعریف ہیں جس پر ہم حکومت پاکستان کے بے حد شکرگزار ہیں۔ سردار سورن سنگھ گل نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کے سکھوں کیلئے کیے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں جس پر ہم انکے شکر گزارہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں جو پیار محبت ملا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔

چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ ہم نے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی اور انتظامات کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ۔ یاتری جب دوبارہ پاکستان آئیں گے تو انہیں بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خودکو سکھوں اور ہندؤوں کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا ہے ، یاتریوں کا ہمارے انتظامات کی تعریف کرنا باعث فخر ہے جس کا تمام تر کریڈٹ وفاقی و صوبائی حکومت کو بھی جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :