بلدیاتی انتخابات کے فنڈز اور اختیارات پر قبضہ چھڑانے کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا پڑے گا‘ شیخ رشید

جب تک وزیراعلیٰ پنجاب اقتدار میں ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف نہیں ملے گا نہ غیر جانبدار تحقیقات ہونگی حکمرانوں کو پتہ ہے غیر جانبدار جے آئی ٹی کا مطلب پھانسی کا پھندا ہے‘ سربراہ عوامی مسلم لیگ کی ڈاکٹر رحق عباسی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 20 اپریل 2015 17:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے فنڈز اور اختیارات پر قبضہ چھڑانے کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا پڑے گا،جب تک وزیراعلیٰ پنجاب اقتدار میں ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف نہیں ملے گا نہ غیر جانبدار تحقیقات ہونگی،حکمرانوں کو پتہ ہے غیر جانبدار جے آئی ٹی کا مطلب پھانسی کا پھندا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی سے ملاقا ت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں جماعتوں نے کنٹونمنٹ کے ساتھ ساتھ عام بلدیاتی انتخابات میں متفقہ امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ ایکشن نہ لیتی تو موجودہ حکمران کبھی بلدیاتی انتخابات نہ کرواتے،بلدیاتی انتخابات کے فنڈز اور اختیارات پر قبضہ چھڑانے کیلئے پوری قوم کو ہم آواز ہونا پڑے گا۔الیکشن سپریم کورٹ کروارہی ہے، ان اداروں کو چلانے اور ان کے وسائل اور اختیارات واگزار کروانے کیلئے بھی سپریم کورٹ کو ہی کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک وزیراعلیٰ پنجاب اقتدار میں ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف نہیں ملے گا نہ غیر جانبدار تحقیقات ہونگی۔ حکمرانوں کو پتہ ہے غیر جانبدار جے آئی ٹی کا مطلب پھانسی کا پھندا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ایسا واقعہ کسی مغربی ملک میں ہوا ہوتا تو وہاں کے عوام ایسے سنگدل حکمرانوں کو اٹھا کر سمندر میں غرق کر دیتے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے ملاقات کے دوران سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں ان کا مکمل طبی معائنہ ہو گا اور ایجیکشن فریکشن کے دل کے مرض کے حوالے سے ڈاکٹر ان کی صحت میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز کی رپورٹ آنے کے بعد سربراہ عوامی تحریک وطن واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان کرینگے۔