Live Updates

کپتان نے اہلیان کراچی کی آزادی کانقارہ بجادیا، کراچی کے ضمنی الیکشن میں زراورزور کی شکست فاش نوشتہ دیوار ہے، تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈارکا استقبالیہ تقریب سے خطاب

پیر 20 اپریل 2015 17:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا کہ کپتان عمران خان نے اہلیان کراچی کی آزادی کانقارہ بجادیا۔جس کسی جماعت کے لوگ پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہوں ان کاراستہ ووٹ سے روکناہوگا۔پرامن کراچی محب وطن پاکستانیوں کادیرینہ خواب ہے،عوام اس خواب کوشرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اپنے ہاتھ عمران خان کے ہاتھوں میں دیں۔

کوئی ملک ڈرکی سیاست کامتحمل نہیں ہوسکتا ۔کراچی کے ضمنی الیکشن میں زراورزور کی شکست فاش نوشتہ دیوار ہے ۔شہرقائدـ ؒ کے غیورلوگ آزادی سے چند دن کی دوری پر ہیں۔ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے عمرڈارنے مزید کہا کہ بلے کی کامیابی سے کراچی میں ڈراوردہشت کی سیاست کاسومنات پاش پاش ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

بھتہ خوری اورٹارگٹ کلنگ کی نخوست سے نجات کیلئے عوام اپنے ضمیر کی آواز پرکان دھریں اوربلے پرمہریں لگائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت نے بڑے بڑے فرعونوں کوغرقاب کردیا ۔عمران خان نے عہدحاضر کے فرعونوں کوللکارا ہے ،عوام کوصرف اپنے نڈر کپتان کی پشت پرکھڑے ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شہرقائدؒ میں جاری حالیہ آپریشن کے نتیجہ میں کئی چہروں سے جعلی شرافت کے نقاب اترگئے ہیں ، ہرمجرم ایک نہ ایک دن کیفرکردارتک ضرورپہنچتا ہے ۔پاکستان کی مضبوطی اورتعمیروترقی کیلئے شہرقائدؒ میں سرگرم مافیا کامحاسبہ کرناہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ این اے246میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں اہلیان کراچی کاجوش وجذبہ پی ٹی آئی کی کامیابی کی نویددے رہا ہے۔اگرعوام عمران خان کراچی کے عوام کی آزادی کیلئے جان پرہتھیلی پررکھ سکتے ہیں تووہ بھی اپنے کپتان سے بیوفائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی بدترین جارحیت کے باوجودسنگین بردارفوجی اہلکاروں کے روبروکشمیر بنے گاپاکستان کانعرہ مستانہ بلندکرنے اورسبزہلالی پرچم لہرانے والے سیّدعلی گیلانی اورمسرت عالم راہ حق کے سرخیل ہیں ۔کشمیر کی آزادی کاکارواں کوروکنا بھارت کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے متعصب اورجنونی حکمران بندوق اوربارودکے زورپرکشمیر کی تحریک آزادی کودبانے کاخیال اپنے دل سے نکال دیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات