ٹیوٹاصوبہ بھر میں منتخب اداروں میں 450 طالبعلموں کو وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت دیگی‘ ان طالب علموں کو نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے تربیت فراہم کی جائے گی

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کا اجلاس سے خطاب

پیر 20 اپریل 2015 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی( ٹیوٹا)صوبے بھر میں منتخب اداروں میں 450 طالبعلموں کو وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت دے گی، ان طالب علموں کو نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تعاون سے تربیت فراہم کی جائے گی، اس پروگرام کے تحت ٹیوٹا پہلے ہی 4600 سے زیادہ طالبعلموں کو تربیت دے چکا ہے اور موجودہ ٹریننگ پروگرام بھی اسی مرحلہ کی توسیع ہے۔

ا ن خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے گزشتہ روزٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجر (آپریشنز) ٹیوٹا حامد غنی انجم اور دوسرے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹانے وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے سات اداروں کا انتخاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان اداروں میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سرگودھا،گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کنگن پور، گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے خواتین (آباد)ڈی جی خان، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کمالیہ، سنٹر فار اگریکلچرل مشینری اینڈ انڈسٹریز (CAMI) میاں چنوں شامل ہیں۔ ان اداروں میں وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پڑھائے جانے والے کورسز کی مدت چھ ماہ ہو گی جن میں موٹر وائینڈنگ ، جنرل الیکٹریشن ، ا لیکٹریشن،کمپیوٹر کورسز، HVACR، ڈریس میکنگ ، مشینسٹ ، آٹو کیڈ اور ویلڈر شامل ہیں۔

طالب علم کودوران تربیت 2000/- روپے ماہانہ دیا جائے گا۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ سکیم کا مقصدصوبہ پنجاب کے بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مندبنانے کیلئے تربیت فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ سکیم میں داخلہ حا صل کرنے کے اہل 25 سال تک کی عمر اور مڈل پاس طالب علم ہیں۔ اس تربیت سے نوجوانوں کو روزی کمانے کے مواقع ملیں گے جس سے وہ اپنی زندگی بہتر بنا سکیں گے۔