سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا نظام شفاف بنایا جائے،دوماہ میں تمام ناکارہ گاڑیوں کو نیلام کردیا جائے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کی متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 20 اپریل 2015 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء )خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کے نظام کو شفاف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دو مہینوں کے اندر صوبے میں موجود تمام ناکارہ گاڑیوں کو نیلام کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ آج پشاور میں سکریپ قرار دےئے جانے والی گاڑیوں کے نیلامی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔

نیلامی کی تقریب میں خزانہ ، ایڈمنسٹریشن اور ایکسائز کے محکموں کے نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر کھلے بولی کے زریعے 52سکریپ گاڑیوں کو نیلام کے لئے پیش کیا گیا ۔ وزیر خزانہ نے ناکارہ قرار دےئے جانے والی گاڑیوں کی نیلامی میں تاخیر اور قیمتی گاڑیوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے نیلامی کے طریقہ کار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ناکارہ گاڑیوں کو مناسب قیمت پر فروخت کرنے کے لئے ایڈمنسٹریشن ، ایکسائز اور خزانہ کے حکام پر مشتمل کمیٹی کو باقاعدہ گاڑیوں کا جائزہ لینے اور تفصیلات مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔

اُنہوں نے نیلامی کے طریق کار کی اصلاح کی ہدایت کرتے ہوئے اس سے سرکاری خزانے کے لئے زیادہ آمدنی حاصل کرنے اورخریدنے والوں کو غیر ضروری پچیدگی سے بچانے کے لئے اقدامات کو لازمی قرار دیا ۔ اُنہوں نے ناکارہ قرار دینے والی گاڑیوں کے ضیاع اور اس سے خزانے کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اُنہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ وہ دو مہنیوں کے بعد حکومت کے پاس کوئی بھی ناکارہ یا سکریپ گاڑی نہیں ہونی چاہیے ۔