اسمبلی میں خواجہ آصف کے شرمناک رویے سے ممبران ،پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہوا ہے،میاں جمشیدالدین

پیر 20 اپریل 2015 16:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و صدر پی ٹی آئی ضلع نوشہرہ میاں جمشید الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ اسمبلی میں خواجہ آصف کے شرمناک رویے سے فاضل ممبران اور پارلیمنٹ کا تقدس پامال ہوا ہے ۔پی ٹی آئی کے ارکان بکاؤ مال نہیں بلکہ بھاری مینڈیٹ کے ساتھ عوامی نمائیند گی کر رہیں ہیں اور پاکستان کی پسے ہوئے طبقے کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

یہ بات اُنہوں نے صوبائی ممبران اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا سپیکر فاضل ممبران کو تحفظ دینے اور ایوان کی کاروائی آئین اور قانون کے مطابق بطریق احسن چلانے میں ناکام ہوئے ہیں اور پاکستان کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سپیکر موصوف نے مشترکہ اجلاس کے دوران منت سماجت پر بلائے ہوئے پی ٹی آئی کے فاضل ممبران کے ساتھ خواجہ آصف کے شرمناک اور غیر اخلاقی رویے پر کیا ایکشن لیا ہے جنہوں نے دیدہ دلیر ی کے ساتھ پارلیمنٹ کا تقدس پامال کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا انتخابی دھاندلی کے بارے میں دس سیاسی جماعتوں کے جوڈیشل کمیشن کو ثبوت و شواہدفراہم کرنے سے قائد تحریک انصاف عمران خان اور پی ٹی آئی کے موقف کی تائید ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے تبدیلی کے ایجنڈے کے اُصولی موقف کو بھرپور عوامی پذیرائی حاصل ہو ئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فاضل ممبران ، سپیکر کی آرٹیکل 64کے تحت کاروائی سے نہیں ڈرتے کیونکہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے پر دھاندلی کی پیداوارجعلی عوامی نمائیندے رات و رات سیاسی بدنامی کے ساتھ گھر رخصت ہونگے ۔

اُنہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے قائم کمیشن کی کھلی عدالت میں سماعت ہمارے قائدین اور ورکرز کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے جابر و ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق بلند کر کے خاموش سیاسی جماعتوں کو انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز اُٹھانے کا حوصلہ اور زبان دی ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے سیاسی منشور کے مطابق ملک کے عوام کو خوشحال اور وطن عزیز کو ہر اعتبار سے مستحکم دیکھنا چاہتی ہے اسی جذبے کے تحت پی ٹی آئی نے ہر محاذ پر کامیابی کے ایجنڈے گھاڑ دئیے ہیں اور قبضہ مافیا کی ہر سازش ناکام بنادی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا دورہ افغانستان دونوں ممالک میں امن کی بحالی اور اقتصادی تعلقات کی بہتری کیلئے نیک شگون ثابت ہو گا۔