بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر اور ہائی روف میں خوفناک تصادم، گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ، 2 افراد شدید زخمی

پیر 20 اپریل 2015 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) رات گئے بلدیہ ٹاؤن میں تیز رفتار ڈمپر اور ہائی روف میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد بلوچستان میں واقع شاہ نورانی مزار سے واپس آرہے تھے کہ ان کی ہائی روف نمبر سی ٹی 2968 مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن مواچھ موڑ اسمارٹ ہوٹل کے قریب اچانک سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نمبر TKZ-601 سے خوفناک دھماکے سے ٹکرا گئی۔

حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ہائی روف کے پرخچے اڑ گئے اور وہ ڈمپر کے نیچے پھنس گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈمپر کو ہٹانے کے بعد ہائی روف کی باڈی کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا اور سول اسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

ایس پی بلدیہ ٹاؤن اعجاز ہاشمی نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 10 سال کا ایک بچہ شاہ جہان، 5 خواتین، 35 سالہ امیرہ زوجہ اسلم نور، 18 سالہ مقدس دختر اسلم، 26 سالہ ندا دختر اسلم، 45 سالہ منصنف زوجہ عبدالرحمن، بشریٰ زوجہ عبدالرحمن، 2 مرد 35 سالہ اعظم اور 45 سالہ محمد اسلم شامل ہیں۔

حادثے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد 8 سالہ سارہ، 3 سالہ عباس اور 25 سالہ شمشادشدید زخمی ہوگئے جنہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والے نوجوان نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ اعجاز ہاشمی نے بتایا کہ حادثے کا شکار افراد بلوچستان کے پہاڑی مقام پر واقع شاہ نورانی مزار کی زیارت کے بعد کراچی میں شاہ رسول کالونی کھوکھر محلہ کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ واپس آرہے تھے کہ حادثہ پیش آگیا۔