فیصل آباد، داماد نے صلح کیلئے گھر آنے والے سسر فائرنگ کرکے قتل اور بیوی کو زخمی کرکے خودکشی کرلی

پیر 20 اپریل 2015 16:25

فیصل آباد، داماد نے صلح کیلئے گھر آنے والے سسر فائرنگ کرکے قتل اور بیوی ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) داماد نے صلح کیلئے گھر آنے والے سسر فائرنگ کرکے قتل اور بیوی کو زخمی کرکے خودکشی کرلی واقعہ کی خبر شہر بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ علاقہ میں خوف و ہراس، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ زخمی خاتون کی ہسپتال میں حالت تشویشناک ،مرنے والوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ ہسپتال کے مارچری یونٹ منتقل کردی گئیں۔

چک نمبر 232ر۔ ب کے علاقہ رسالہ نمبر 12کے رہائشی نوید کی شادی اپنی عزیزہ کرن کے ساتھ ہوئی تھی اور اب ناساز حالات کی وجہ سے ان کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا ، گزشتہ دنوں ہونے والے جھگڑے پر نوید نے کرن کو گھر سے نکال دیا تھا، معززین وعزیز رشتہ داروں کے کہنے پر کرن اپنا گھر بسانے کے لئے آج صبح ازخود صلح کے لئے اپنے والد خادم حسین کو لے کر شوہر کے پاس جاپہنچی جہاں تکرار ہونے پر نوید نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر اس کا سسر خادم حسین موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی بیوی کرن گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئی۔

(جاری ہے)

بعدازیں نوید نے دلبرداشتہ ہوکر کنپٹی پرگولی مارکر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچنے والے ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا مہر ندیم انجم کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ ہے، نعشیں تحویل میں لے کر زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے تاہم تحقیقات کررہے ہیں ، مزید انکشافات کی توقع ہے ۔