چینی صدر کی آمد ،وفاقی دارالحکومت کے راستے دو گھنٹے تک بند رہے

پیر 20 اپریل 2015 16:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) چینی صدر کی آمد ،دارالحکومت کے راستے دو گھنٹے تک بند رہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہریوں نے چینی صدر کی آمد پر احتجاج کی بجائے تحمل اور صبر سے یہ مشکلات برداشت کیں تاہم پولیس اہلکار شہریوں سے بدتمیزی کے ساتھ پیش آتے رہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز چینی صدر شی جن پنگ کا طیارہ گیارہ بجے کے قریب نور خان ایئربیس چکلالہ پر اترا جبکہ انتظامیہ نے نو بجے سے ہی دارالحکومت کے تمام داخلی راستے بند کردیئے تھے جس کی وجہ سے مری روڈ‘ ایکسپریس وے‘ پارک روڈ سمیت اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام سڑکوں پر ہزاروں گاڑیاں‘ موٹر سائیکلیں جمع ہوگئیں جبکہ چینی صدر کے گزرنے کے بعد انتظامیہ نے ساڑھے بارہ بجے پولیس کو اسلام آباد کے داخلی راستے کھولنے کی اجازت دی۔

یوں سینکڑوں شہری تین گھنٹے سے زیادہ کڑی دھوپ میں چینی صدر کے گزرنے کا انتظار کرتے رہے بالخصوص بچوں عورتوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب عارضی طور پر بنائے گئے ناکوں پر پولیس والے شہریوں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے رہے۔