عوام پختونوں کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کو دیں‘سردار حسین بابک

پیر 20 اپریل 2015 14:11

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی کے 95دیر لوئر کے ضمنی الیکشن میں سرکاری مشنری کے استعمال کو روکنے میں ناکام ہو چکا ہے لہٰذا عوام پختونوں کی ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کو دیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں یو سی کوگا اور یو سی ناواگئی میں الگ الگ شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صد بر کاکا ، دلبر کاکا ،شیر اسلم خان ، محمد افضل ، رحیم خان اور لقمان حکیم کی قیادت میں متعدد خاندانوں نے سینکڑوں افراد کے ہمراہ اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ،سردار حسین بابک نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں عوام کی جوق در جوق شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے نالاں ہیں جنہوں نے صوبے کے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ پی کے95 میں صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کو چھپانے کیلئے دھاندلی کے منصوبے تیار کر لئے گئے ہیں اور حکومتی وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی کی طرف سے دائر درخواست کے باوجود حکومتی وسائل اور مشنری کا استعمال اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بن بیٹھا ہے ۔

(جاری ہے)

سردار حسین بابک نے متنبہ کیا کہ اگر الیکشن کمیشن مزید خاموش تماشائی بنا رہا تو عوامی نیشنل پارٹی راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انتخابات کو موٴخر کرنے کیلئے حیلے بہانے ڈھونڈ رہی ہے تاہم اس قسم کے ہتھکنڈے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنا قیمتی ووٹ اے این پی کے نامزد امیدواروں کو دیں تا کہ ہم پختونوں کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھا جا سکے اور پختون قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ۔اس موقع پر اجتماع سے جاوید خان،نصیب خان،شیبر خان ،امیر سلطان خان اور اشتر خان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :