پاکستان بیت المال کی رقوم سیاسی بنیادوں پر تقسیم کا انکشاف، ڈپٹی ایم ڈی کا اپنے اختیارات سے تجاوز استعمال

پیر 20 اپریل 2015 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) پاکستان بیت المال کی جانب سے مستحقین میں تقسیم کی جانے والی امداد کا 80 فیصد راولپنڈی ، اوکاڑہ اور فیصل آباد کے اضلاع میں سیاسی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا انکشاف ہوا ہے پاکستان بیت المال میں تعینات ڈپٹی ایم ڈی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اوکاڑہ ڈسٹرکٹ میں ساڑھے چھ ہزار افراد کو 80 لاکھ روپے مالیت کے چیک دلوائے ۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ایم ڈی چودھری اسلم جو خود ایک سیاسی شخصیت کے قریبی عزیز بتلاتے ہیں نے ڈسٹرکٹ آفیسر اوکاڑہ پر دباؤ ڈلوایا کہ وہ ان کے بھائی کے ذریعے آنے والی امداد کے چیک ارسال کریں اس ذریعے کے مطابق ڈپٹی ایم ڈی بھائی کے ریفرنس سے ارسال کردہ 650 سے زیادہ امدادی کیس ہیڈ کوارٹر سے کرواتے ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان بیت المال کی 5 کروڑ روپے کی امدادی رقوم کا 80 فیصد راولپنڈی ، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں تقسیم کردیا گیا ہے جو کہ ایک تشویش ناک امر ہے یاد رہے کہ مالی امداد کی تقسیم کے فارمولے کے مطابق یہ رقوم ملک بھر کے تمام اضلاع کی آبادی کے تناسب سے تقسیم کی جاتی ہیں تاہم حکام مالی امداد کی اس تقسیم میں طے شدہ رولز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس رقوم کو سیاسی بنیادوں پر تقسیم کرنے میں مصروف ہیں ۔

اس ذریعے کے مطابق ڈپٹی ایم ڈی کے بھائی کے ذریعے دی جانے والی 80 لاکھ روپے کی امدادی رقم میں مبینہ طور پر خردبرد کیا گیا ہے یاد رہے کہ ڈپٹی ایم ڈی بیت المال چودھری اسلم کا آبائی تعلق بھی ضلع اوکاڑہ سے ہے ۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء نے اس حوالے سے ڈپٹی ایم ڈی بیت المال چودھری اسلم سے ان کے موبائل نمبر 0300-8466639 پر متعدد بار موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔

متعلقہ عنوان :