موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو بتدریج کم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔رانا مشہود علی خاں

پیر 20 اپریل 2015 13:25

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر پنجاب رانا مشہود علی خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل کو بتدریج کم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ملک میں اِنتشار اور منافرت کی سیاست کرنے والے عوامی حمایت سے محروم ہیں،دھرنا مافیا کے پاس عوامی بھلائی کا کوئی ایجنڈا نہیں ۔ اِن خیالات کا اِظہاراُنہوں نے اوکاڑہ سٹی کے سابق ناظم اکبرعلی خاں کے ہمراہ ملنے والے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

رانا مشہود نے کہا کہ موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو ملک مسائل کی آماجگاہ بن چکاتھااور سدھار کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھالیکن اللہ کے فضل وکرم سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ دوسالوں میں اپنے منشور کے مطابق جو پیش رفت کی ہے اُس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں اور عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف ہر سطح پر ملاہے ۔

(جاری ہے)

اَبھی ہم مطمئن ہوکر ہرگز نہیں بیٹھے بلکہ مسلسل جدوجہد کرکے تمام مسائل سے عوام کو مکمل طور پر چھٹکارا دلانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ۔

ہمیں امید ہے کہ آئیندہ عام اِنتخابات تک ہم عوام کے سامنے سرخرو ہوجائیں گے ۔اگر تحریک اِنصاف ملک میں افراتفری پیداکرکے دھرنوں کی سیاست نہ کرتی توآج بہت سے مسائل حل ہوچکے ہوتے اور بہت سی سرمایہ کاری بھی ہوچکی ہوتی لیکن اِن لوگوں نے ملک میں اِنتشار پیداکرکے عوام کو گمراہ کرنے کی بھرپور کوشش کی اور آج وہ خود اُس اسمبلی کا حصہ ہیں جس کی کریڈیبلٹی پر کل تک بھرپور تنقید کررہے تھے ۔

جوڈیشنل کمیشن کی رپورٹ آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گالیکن اُس وقت تمام اخلاقی حدیں پارکرکے گالیاں نکالنے والے کس منہ سے عوام کو فیس کرینگے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) آئیندہ عام اِنتخابات میں ایک بارپھر کامیاب ہوکر مخالفین کی آنکھیں کھول دے گی جو آئے روز تبدیلی کا نعرہ بلندکرتے ہوئے نہیں تھکتے