چین کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل سے استفادہ کیا جائے گا ‘وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف

پیر 20 اپریل 2015 13:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ چین کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل سے استفادہ کیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ملک کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہوا، پانی، کوئلے اور شمسی توانائی سمیت دیگر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل سے استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ بجلی پیدا کرنے کے مختلف معاہدوں پر دستخط کرے گا جس سے ملک کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تقریباً 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے چینی بنکوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ پاکستان کے توانائی کے منصوبوں کیلئے سرمایہ فراہم کریں تاکہ انہیں جلد سے جلد مکمل کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے خطے کے سرمایہ کاروں کیلئے اعتماد سازی کے اقدامات کی بدولت چین پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ توانائی کے تمام منصوبے 2017ء تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلاوجہ کے احتجاج اور دھرنوں سے ملکی معیشت کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔

متعلقہ عنوان :