چینی صدر کے دورے میں توانائی کے منصوبوں کے معاہدے پر دستخط ہوں گے‘شہباز شریف

چین سے کسی قسم کا قرضہ نہیں لے رہے، چین منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے‘ دھرنوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، سرکاری ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 18 اپریل 2015 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی صدر کے دورے کے دوران توانائی کے منصوبوں کے معاہدے پر دستخط ہوں گے‘ چین سے کسی قسم کا قرضہ نہیں لے رہے چین منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے‘ دھرنوں نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات کیلئے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں ۔

چین کی سرمایہ کاری پاکستان کا تحفظ ہے‘ چین کی حکومت نے پاکستان کو تاریخ کا سب سے بڑا پیکج دیا۔ چین پنجاب میں 132 ‘ 900 اور 300 میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے گا۔ 2017 کے اختتام تک توانائی کے منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔ منصوبوں کی تکمیل سے صنعتیں ترقی کریں گی انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورہ میں میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بھی دستخط ہوں گے۔

(جاری ہے)

توانائی کے شعبے میں کوئلہ ‘ شمسی‘ ہوا اور پانی کے منصوبوں پر دستخط ہوں گے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں دو سال کی محنت کا پھل مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے دھرنوں سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ دھرنے والوں نے 60 سال کا نقصان پہنچایا ‘ غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ عسکری اور سیاسی قیادت ایک صف پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :